چارسدہ میں دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام، کالعدم تنظیم کے 3 دہشت گرد گرفتار

ویب ڈیسک  بدھ 26 اگست 2020
دہشت گردوں نے خودکش بمبار تیار کیا تھا اور پولیس اسٹیشن کو نشانہ بنانا چاہتے تھے، پولیس۔ فوٹو: فائل

دہشت گردوں نے خودکش بمبار تیار کیا تھا اور پولیس اسٹیشن کو نشانہ بنانا چاہتے تھے، پولیس۔ فوٹو: فائل

چار سدہ: چارسدہ میں پولیس نے دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے  کالعدم تنظیم کے 3 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔

پشاور کے نواحی علاقے چارسدہ میں محرم الحرام کے موقع پرشبقدر پولیس نے دہشت گردی کابڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے کالعدم تنظیم کے 3 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا جب کہ دہشت گردوں کی نشاندہی پر بارودی مواد اور 3 ہینڈ گرنیڈ بھی برآمد کرلیے ہیں۔

پولیس کے مطابق گرفتار افراد میں دہشت گرد کمانڈر کا سہولت کار بھی شامل ہے، دہشت گردوں نے تھانہ پر حملے کے لیے ایک خودکش بمبار کوتیار کیا تھا، دہشت گرد سرو کلے وشبقدر پولیس موبائل اور پولیس اسٹیشن کو بھی نشانہ بنانا چاہتے تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دہشت گرد بھتہ خوری اورماضی میں ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث رہے، 2014 میں اسی گروپ نے پرمجیت سنگھ سے بھتہ مانگا اور انکار پر پرمجیت سنگھ کو قتل کردیا تھا۔

چارسدہ پولیس کے مطابق دہشت گردوں سے بھتے میں استعمال ہونے والے 3 افغانستان کے سم جیکٹ بھی برآمد ہوئے ہیں جب کہ گرفتار دہشت گردوں کو مزید تفتیش کے لیے سی ٹی ڈی کے حوالے کردیاگیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔