حکومت اپنے ملک میں ڈرون حملے کروارہی ہےاعظم سواتی

ملکی سالمیت کا مراعات کے عوض سودا کرنے والوں کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی،رہنما تحریک انصاف


Staff Reporter December 15, 2013
ملکی سالمیت کا مراعات کے عوض سودا کرنے والوں کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی،رہنما تحریک انصاف۔فوٹو:فائل

وفاقی حکومت اپنے ہی ملک میں ڈرون حملے کروانے میں امریکا کے شانہ بشانہ ہے ملکی سالمیت کا مراعات کے عوض سودا کرنے والوں کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی، نیٹو سپلائی روکنا عمران خان کا جرات مندانہ فیصلہ تھا کارکن آخری دم تک ثابت قدم رہیں گے۔

ان خیالات کا اظہار تحریک انصاف خیبر پختونخواہ کے صدر اعظم خان سواتی نے پریس کانفرنس میں کیا،اس موقع پر رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی اور ایم پی اے خرم شیر زمان بھی موجود تھے،اعظم سواتی نے کہا کہ حکومت پاکستان اخلاقی جرات سے محروم ہے جو امریکا سے اپنی قوم پر ہوئے ظلم پر احتجاج کرنے کی بھی ہمت نہیں رکھتی بلکہ ہر وقت ملکی سا لمیت اور قوم کا سودا کرنے کے لیے تیار رہتی ہے ۔

تحریک انصاف امریکی مفادات کیلیے پاکستان کی بقا پر آنچ نہیں آنے دے گی اور کسی بھی صورت نیٹو سپلائی بحال نہیں کی جائیگی، قومی الیکشن میں جو تاریخی دھاندلی ہوئی ہے اس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی، تحریک انصاف جلد ملک گیر احتجاج شروع کرے گی اور حکومت کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس دلائے گی ، انھوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں بھر پور تیاریوں کے ساتھ حصہ لیا جائے گا،خیبر پختونخواہ میں بائیو میٹرک سسٹم کا نفاذ دھاندلی روکنے کے خلاف ایک بڑا قدم ہے۔