کیوی ڈومیسٹک ٹیم بھی کرپشن تحقیقات کی زد میں آگئی

گذشتہ برس جنوبی افریقہ میں چیمپئنزلیگ کے دوران فکسنگ میں ملوث ہونے کا شبہ


Sports Desk December 15, 2013
بھارت اورانگلینڈ میں منعقدہ چند میچزکی بھی آئی سی سی چھان بین میں مصروف۔ فوٹو: فائل

نیوزی لینڈ کی ڈومیسٹک سائیڈ آکلینڈ ایسز بھی کرپشن تحقیقات کی زد میں آگئی، گذشتہ برس جنوبی افریقہ میں چیمپئنز لیگ کے دوران فکسنگ میں ملوث ہونے کا شبہ ہے، بھارت اور انگلینڈ میں منعقدہ کچھ میچز کی آئی سی سی چھان بین میں مصروف ہے۔

تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری کرپشن تحقیقات میں نئے انکشافات سامنے آرہے ہیں، اب معلوم ہوا ہے کہ ڈومیسٹک سائیڈ آکلینڈ ایسز کو بھی شامل تفتیش کرلیا گیا، میڈیا رپورٹس میں کہا گیاکہ آئی سی سی دراصل جنوبی افریقہ میں گذشتہ برس کھیلے جانے والی چیمپئنز لیگ کے بارے میں تحقیقات میں مصروف ہے جس میں نیوزی لینڈ کی نمائندگی آکلینڈ ایسز نے کی تھی، اس میں لوونسنٹ نے اوپننگ کی جوگذشتہ ہفتے اس بات کا اعتراف کرچکے کہ فکسنگ تحقیقات میں آئی سی سی کے ساتھ مکمل تعاون کررہے ہیں، آکلینڈ کے ہی سابق بولر ڈیرل ٹفی بھی اینٹی کرپشن یونٹ کو تعاون کی یقین دہانی کراچکے تاہم وہ چیمپئنز لیگ میں ایسز کا حصہ نہیں تھے۔ ابھی تک کسی پر باقاعدہ الزام عائد کیا گیا نہ ہی نام لیا گیا ہے تاہم میڈیا میں ونسنٹ، ٹفی اور کرس کینز کے نام آچکے ہیں۔

نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹیو ڈیوڈ وائٹ نے کہاکہ میں اس بارے میں صرف یہی کہہ سکتا ہوں کہ ہماری قومی ٹیم ایسے کسی معاملے میں ملوث نہیں۔ آکلینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹیو مارک کیمرون نے کہاکہ ہمیں اس بارے میں کوئی تفصیل معلوم نہیں کہ اینٹی کرپشن یونٹ ہمارے خلاف تحقیقات میں مصروف ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے تحقیقات کی تصدیق کی گئی مگر اس نے بھی کسی کا نام نہیں لیا تھا، یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ یہاں پر اینٹی کرپشن یونٹ کی آسٹریلوی برانچ کے سربراہ جان رہوڈز کررہے ہیں، جنوبی افریقہ کے ساتھ انگلینڈ اور آسٹریلیا میں کھیلے جانے والے کچھ میچز کے بارے میں بھی تحقیقات کی جارہی ہیں۔