جونیئر ہاکی ورلڈ کپ پاکستان نے بھارت کوہرا دیا نویں پوزیشن مل گئی

روایتی حریفوں کے مابین گھمسان کی جنگ کے بعد فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا


Sports Desk December 15, 2013
گول کیپر مظہر عباس حریف فارورڈزکے سامنے ڈٹ گئے، میچ میں کئی یقینی گول بچانے کے بعد2 پنالٹی شوٹس بھی روک کر4-2 سے فتح دلائی.

جونیئر ہاکی ورلڈ کپ میں پاکستان نے بھارت کو ہرا کرنویں پوزیشن حاصل کرلی۔

روایتی حریفوں کے مابین گھمسان کی جنگ کے بعد فیصلہ پنالٹی شوٹ آئوٹ پر ہوا، گول کیپر مظہر عباس حریف فارورڈزکے سامنے ڈٹ گئے، میچ میں کئی یقینی گول بچانے کے بعد2 پنالٹی شوٹس بھی روک کر4-2 سے فتح دلائی۔ تفصیلات کے مطابق نئی دہلی میں نویں پوزیشن کے میچ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے بہترین اسکلز کے ذریعے حریف کو دبائو میں رکھا،ساتویں منٹ میں رضوان علی نے محمد دلبرکی جانب سے ڈی کے اندر ملنے والے پاس کو کار آمد بناتے ہوئے گرین شرٹس کو برتری دلا دی جو پہلے ہاف کے اختتام تک برقرار رہی، وقفے کے بعد بھارتی فارورڈ میں نئی جان آگئی اور حریف گول پوسٹ پر حملوں کا سلسلہ شروع کردیا، کھیل ختم ہونے سے5 منٹ قبل گویندر سنگھ نے پنالٹی کارنر پر گول کرتے ہوئے مقابلہ برابر کردیا، مقررہ وقت میں مقابلہ ایک، ایک گول سے برابر رہنے کے بعد امپائرز نے میچ کو فیصلہ کن بنانے کیلیے دونوں ٹیموں کو 5,5 پنالٹی شوٹس آئوٹس دیں، پاکستان کی طرف سے محمد عرفان نے حریف گول کیپر کو خوبصورتی سے ڈاج دیتے ہوئے گول کردیا، گویندر سنگھ نے بھی موقع ضائع نہ کرتے ہوئے میچ کو برابر کردیا۔

محمد ثوثیق نے پاکستان کی ایک بار پھر برتری دلا دی، تاویندر سنگھ نے کوئی غلطی نہیں کی اور گیند کو جال میں پہنچا دیا، رضوان جونیئر کی کاوش کو بھارتی گول کیپر نے روک کر پاکستانی کھلاڑیوں کے چہرے پر بارہ بجا دیے، مگر گرین شرٹس گول کیپر مظہر عباس نے حریف عمران خان کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے گرین شرٹس کی مسکراہٹیں لوٹا دیں،کپتان عمر بھٹہ نے چوتھے اسٹروک پر گول کرتے ہوئے فتح کی پاکستانی امیدیں روشن کیں، بھارت کی جانب سے چوتھی شوٹ آئوٹ سکھبیر نے لگائی جسے مظہر عباس نے ایک بار پھر روک لیا،تجربہ کار پلیئر محمد دلبر نے گیند کو جال میں پہنچا کر پاکستان کو فتح سے ہمکنار کردیا۔ قبل ازیں11 ویں پوزیشن کے میچ میں ارجنٹائن نے جنوبی افریقہ کو 4-1 سے ہرادیا، 13 ویں پوزیشن کے مقابلے میں انگلینڈ کیخلاف اسپین کی ٹیم سخت مقابلے کے بعد2 کے مقابلے میں 3 گول سے سرخرو ہوئی۔ مصر نے کینیڈاکو 3-0 سے شکست دیکر 15 ویں پوزیشن پائی۔