ہوا کے زور پر پتنگ تین سالہ بچی کو بھی لے اڑی ویڈیو وائرل

تائیوان کے میلے میں پتنگ سے الجھی بچی کم ازکم 100 فٹ تک بلند ہوئی لیکن معجزانہ طور پر بچی رہی


ویب ڈیسک September 01, 2020
تائیوان میں تیزرفتار پتنگ ایک تین سالہ بچی کو 30 سیکنڈ تک ہوا می اڑاتی رہی۔ فوٹو: نیویارک ٹائمز

بین الاقوامی پتنگوں کا میلہ اس وقت خوف اور حیرت کی وجہ بن گیا جب ایک غیرمعمولی بڑی پتنگ میں الجھی ایک بچی ہوا کے زور پر اڑگئی اور کئی سیکنڈوں تک پتنگ سے بندھی ہوا میں 100 فٹ تک بلند ہوگئی۔اس کی ویڈیو تیزی سے وائرل ہوئی جس میں بچی کو ہوا میں اڑتے دیکھا جاسکتا ہے۔ اس موقع پر لوگوں کی تشویش اور گھبراہٹ کو بھی محسوس کیا جاسکتا ہے۔



https://www.youtube.com/watch?time_continue=3&v=pMPz92x75iw&feature=emb_logo

تائیوان کے دارالحکومت تائی پے کے قریب سائنچو شہر میں منعقدہ انٹرنیشنل کائٹ فیسٹیول کے موقع پر ہوا تیز تھی اور ایک طویل پتنگ اڑانے کی تیاری ہورہی تھی کہ اس دوران ایک تین سالہ بچی اس کی دم کے پاس تھی۔ منتظمین کو معلوم نہیں ہوسکا کہ بچی کیسے اور کیونکر پتنگ کے آخری سرے سے الجھ گئی اور یہ جانے بغیر انہوں نے پتنگ کو چھوڑ دیا۔ اس کے بعد تیزی سے بلند ہوتی ہوئی پتنگ بچی کو بھی لے اڑی اور کم ازکم 100 فٹ کی بلندی تک پہنچی۔ اس طرح 30 سیکنڈ تک بچی ہوا کے دوش پر اڑتی رہی۔ اس دوران پتنگ نے اسے کئی جھٹکے دیئے لیکن جیسے ہی پتنگ نیچے ہوئی لوگوں نے اسے قابو کرلیا اور یوں اسے نیچے اتارا گیا۔

معجزانہ طور پر بچی کو صرف چند خراشیں ہی آئیں۔