گٹھیا کی دوا سے دل کے مریضوں کو بھی فائدہ

ویب ڈیسک  جمعـء 4 ستمبر 2020
جن مریضوں نے ایک ماہ تک روزانہ کم مقدار میں کولچی سین استعمال کی انہیں دل کی تکالیف کا بہت کم سامنا ہوا۔ (فوٹو: فائل)

جن مریضوں نے ایک ماہ تک روزانہ کم مقدار میں کولچی سین استعمال کی انہیں دل کی تکالیف کا بہت کم سامنا ہوا۔ (فوٹو: فائل)

پرتھ: آسٹریلوی ماہرین نے دریافت کیا ہے کہ گٹھیا کی ایک دوا ’’کولچی سین‘‘ سے دل کے مریضوں بھی بہت فائدہ پہنچتا ہے اور وہ کئی طرح کے امراضِ قبل کی شدت سے محفوظ رہتے ہیں۔ یہ تحقیق یوروپین سوسائٹی آف کارڈیالوجی کی حالیہ آن لائن کانفرنس میں پیش کی گئی۔

واضح رہے کہ کولچی سین ایک قدیم دوا ہے جسے قدرتی حالت میں جنسِ زعفران (کروکس) کے پودے سے حاصل کرکے درد اور سوزش کے علاج میں استعمال کیا جاتا تھا۔ آج یہی دوا مصنوعی طور پر تیار کی جاتی ہے جسے گٹھیا کے مرض میں جوڑوں کا درد ختم کرنے کےلیے عام استعمال کیا جاتا ہے۔

پانچ سال سے بھی زیادہ عرصے تک جاری رہنے والی اس تحقیق میں 5,552 رضاکار رجسٹر کیے گئے جو سب کے سب دل کی کسی نہ کسی بیماری میں مبتلا تھے۔

ان میں سے نصف کو ایک مہینے تک 0.5 ملی گرام کولچی سین روزانہ کھلائی گئی جبکہ باقی نصف رضاکاروں کو اتنی ہی مقدار میں کوئی اور بے ضرر سی چیز دی گئی۔

مطالعے کے اختتام پر معلوم ہوا کہ جن مریضوں نے ایک ماہ تک روزانہ کم مقدار میں کولچی سین استعمال کی تھی، انہیں آئندہ پانچ سال کے دوران فالج، دل کے دورے اور دل کی دیگر تکالیف کا بہت کم سامنا ہوا تھا۔

اس مطالعے کی روشنی میں ماہرین نے تجویز دی ہے کہ دل اور شریانوں کے امراض میں مبتلا افراد کےلیے روزانہ کم مقدار میں کولچی سین کا استعمال منظور کرلیا جائے کیونکہ اوّل تو یہ عام اور کم خرچ دوا ہے؛ اور دوم اس کے ضمنی اثرات (سائیڈ ایفیکٹس) بھی بہت کم ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔