آسٹریلیا کا انتقام جونسن نے اسٹورٹ براڈ کا پاؤں توڑ ڈالا

میزبان پیسر کی یارکر پر انگلش کرکٹر انجرڈ ہوگئے، اسکین ٹیسٹ کرایا گیا


Sports Desk December 16, 2013
میزبان پیسر کی یارکر پر انگلش کرکٹر انجرڈ ہوگئے، اسکین ٹیسٹ کرایا گیا۔ فوٹو: فائل

تیسرے ایشز ٹیسٹ میں آسٹریلوی فاسٹ بولر مچل جونسن نے انگلش کرکٹر اسٹورٹ براڈ کا پاؤں توڑ دیا۔

ان کا خوفناک یارکر بائیں پائوں پر اس زور سے لگا کہ ان کی سیریز کے باقی میچزمیں شرکت مشکل ہوگئی، اسی کے ساتھ انھیں ایل بی ڈبلیو قرار دے دیا گیا وہ لنگڑاتے ہوئے فیلڈ سے باہر آئے، ان کا اننگز بریک میں نیٹ میں فٹنس ٹیسٹ لینے کی کوشش کی گئی تاہم درد بڑھنے کی وجہ سے اسکین کیلیے اسپتال لے جایا گیا، ان کی نہ صرف پرتھ میں واپسی بلکہ 26 دسمبر سے شروع ہونے والے باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں بھی شرکت خطرے میں پڑگئی ہے۔

 photo 2_zps8f14b89d.jpg

براڈ کا کہنا ہے کہ جونسن کی فل ڈلیوری نے مجھے آئوٹ کرنے کے ساتھ چوٹ بھی پہنچائی، میں نے ڈریسنگ روم میں برف سے مساج بھی کیا، میں بولنگ کرنا چاہتا تھا اس لیے نیٹ میں یہ جاننے کی کوشش کی کہ میں بولنگ کرسکتا ہوں یا نہیں مگر درد کی شدت میں اضافہ ہوا جس کی وجہ سے ایکسرے کرانے کے لیے جانا پڑا، ایکسرے میں کچھ گڑبڑ دکھائی تو دے رہی تھی مگر صورتحال واضح نہ ہونے کی وجہ سے مجھے ایم آر آئی کرانا پڑا، اب مجھے اس کے نتیجے کا انتظار ہے تب ہی صورتحال واضح ہوسکے گی۔واضح رہے کہ سیریز سے قبل آسٹریلوی کوچ ڈیرن لی مین نے ملکی شائقین سے کہا تھا کہ اسٹورٹ براڈ کو روتے ہوئے انگلینڈ واپس جانا چاہئے۔لیکن اب وہ شاید لنگڑاتے ہوئے گھر واپس جائیں۔