جونیئر ہاکی ورلڈ کپ جرمنی چھٹی بار چیمپئن بن گیا

فائنل میں سخت حریف فرانس کو 2-5 سے شکست، نیکلس ویلن کی ہیٹ ٹرک


Sports Desk December 16, 2013
نیدرلینڈز نے ملائیشیا کو پچھاڑ کر برانز میڈل جیت لیا ، ایشین ٹیم 2-7 سے ناکام۔ فوٹو: رائٹرز/ فائل

جرمنی چھٹی بار جونیئر ہاکی کا عالمی چیمپئن بن گیا، فائنل میں سخت جاں فرنچ ٹیم کو2-5 سے شکست کا صدمہ برداشت کرنا پڑا۔

نیکلس ویلن نے ہیٹ ٹرک کے ذریعے جرمن دفاعی مہم کو کامیابی سے ہمکنار کیا، ہالینڈ نے ملائیشیا کو 7-2 سے پچھاڑ کر برانز میڈل پر قبضہ جمایا۔ تفصیلات کے مطابق بھارت میں کھیلے گئے جونیئر ورلڈ کپ کے فیصلہ کن معرکے میں دفاعی چیمپئن جرمن ٹیم نے بلند حوصلہ فرنچ اسکواڈ کیخلاف دوسرے ہی منٹ میں نیکلس ویلن کے گول کی بدولت دبائو بڑھا دیا ، 16 ویں منٹ میںگیسپارڈ بائوم گارٹین نے ریورس فلک کے ذریعے فیلڈ گول کرتے ہوئے مقابلہ برابر کردیا، بعدازاں دونوں اطراف سے تابڑ توڑ حملوں کا سلسلہ جاری رہا تاہم پہلے ہاف کے اختتام تک کوئی بھی ٹیم مزید گول نہ کرسکی۔ دوسرے ہاف کو شروع ہوئے ابھی 5 منٹ ہی ہوئے تھے کہ فرانس کی جانب سے گیسپارڈ بائوم گارٹین نے پنالٹی کارنر پر ایک اور گول داغ کر ٹیم کو 2-1 کی برتری دلادی۔44 منٹ بعد جرمن نیکلس ویلن نے اپنا اور ٹیم کا دوسرا گول کرتے ہوئے مقابلہ برابر کردیا۔

 photo 5_zps978b838e.jpg

اس دوران فرنچ ڈیوٹیز کرسٹوفر کو خطرناک کھیل پر ریفری نے یلوکارڈ دکھایا۔46 ویں منٹ میں نیکلاس ویلن نے شاندار ہیٹ ٹرک بناتے ہوئے دفاعی چیمپئن ٹیم کو 2 کے مقابلے میں3 گول سے برتری دلادی۔ کھیل ختم ہونے سے10 منٹ قبل جونز گومول نے ٹیم کیلیے چوتھا گول کیا، 68 ویں منٹ میں کرسٹوفر رائہور نے پانچواں اور فیصلہ کن گول داغتے ہوئے5-2 سے جرمنی کو چھٹی بار ہاکی کا جونیئر عالمی چیمپئن بنا دیا۔ ہالینڈ نے ملائیشیا کو 7-2 سے شکست دیکر برانز میڈل پر قبضہ جمالیا، فاتح ٹیم کو پہلے ہاف میں5-2 کی برتری حاصل تھی، تھیری برنکمین اورٹام ہبینڈال نے2،2 بار گیند کو جال میں پہنچایا۔ پانچویں پوزیشن کے میچ میں آسٹریلیا نے بیلجیئم کو سخت مقابلے کے بعد پنالٹی شوٹ آئوٹ پر 3-2 سے زیر کیا۔ نیوزی لینڈ نے جنوبی کوریا کو 4-2 سے مات دیکر میگا ایونٹ میں 7 ویں پوزیشن پائی۔