شامی فوج کی بمباری 14 بچوں سمیت 25 افراد ہلاک درجنوں زخمی

اقوام متحدہ کی جانب سے شام کیلیے امدادی سامان کی پہلی کھیپ عراق سے طیارے کے ذریعے روانہ۔


News Agencies/AFP December 16, 2013
حلب:باغیوں کے ٹھکانوں پر شامی فوج کے ہیلی کاپٹروں کی بمباری کے بعد دھواں اٹھ رہا ہے، لوگ جمع ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

شام میں سرکاری فوج کی بمباری کے نتیجے میں 14 بچوں سمیت 25 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔

اے ایف پی کے مطابق اتوار کوحلب کے سخور، ارد الحمرا اور حیدریہ اضلا ع پر بمباری کی گئی۔ ذرائع کے مطابق باغیوں کے ٹھکانوں پر کئی ہیلی کاپٹروں نے بمباری کی ہے۔ دوسری طرف اقوام متحدہ کی جانب سے شام کیلیے امدادی سامان کی پہلی کھیپ اتوارکو عراق کے خودمختار علاقے کردستان کے اربل ہوائی اڈے سے طیارے کے ذریعے روانہ ہوئی۔ اقوام متحدہ کے ایک اندازے کے مطابق شام میںمار چ 2011 سے شروع ہونے والی خانہ جنگی کے نتیجے میں تقریباً 23 لاکھ افراد پڑوسی ممالک ہجرت پر مجبور ہوچکے ہیں جبکہ ملک میں 65 لاکھ افراد بے گھر ہو گئے ہیں۔ ادھر فرانسیسی وزیر خارجہ لوراں فابیوس نے کہا کہ شام میں جاری تصادم پر مجوزہ امن مذاکرات سے انھیں کوئی امید نہیں ہے، فرانس کی کوشش ہے کہ آئندہ ماہ سوئٹزرلینڈ میں ہونے والے مذاکرات کو کامیابی سے ہمکنار کرائے لیکن اس میں بہت زیادہ شکوک و شبہات ہیں۔

 photo 2_zpsf193bda1.jpg

انھوں نے کہا کہ فرانس جن حکومت مخالف معتدل گروہوں سے بات چیت کر رہا ہے وہ سنگین دشواریوں میں گھرے ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ امریکا، اقوام متحدہ اور روس کئی ماہ سے امن مذاکرات منعقد کرانے کے لیے کوششیں کر رہے ہیں جسے جنیوا-2 کے نام سے جانا جاتا ہے۔ گذشتہ ہفتے ملنے والی اطلاعات کے مطابق ابھی تک 30 ممالک کے نمائندوں نے کانفرنس میں شرکت کی خواہش ظاہر کی ہے۔ اے پی پی کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ترجمان مارٹن نیسیرکی نے اعلان کیا کہ مسئلہ شام کے بارے میںبین الاقوامی کانفرنس 22 جنوری کو سوئٹزرلینڈ کے شہر مونٹرو میں منعقد کی جائے گی۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے کہا کہ شام میں کیمیائی ہتھیار استعمال کرنے والوں کے خلاف پابندیاں لگائی جائیں۔ جنرل اسمبلی میںخطاب کرتے ہوئے انھوں کہا کہ میں انتہائی افسوس کے ساتھ یہ کہوں گا کہ شام میں کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا ہے۔

مقبول خبریں