15 لاکھ مریضوں کو طبی سہولت پہنچانا عظیم خدمت ہے صدر ممنون

حکومت شہریوں کو طبی سہولتیں پہنچانے کے اقدام کررہی ہے، انڈس اسپتال کی تقریب سے خطاب


Staff Reporter December 16, 2013
حکومت شہریوں کو طبی سہولتیں پہنچانے کے اقدام کررہی ہے، انڈس اسپتال کی تقریب سے خطاب۔ فوٹو: فائل

صدر مملکت ممنون حسین نے کہاہے کہ حکومت تمام شہریوں اور خصوصاً غریب اور دور دراز علاقوں میں رہائش پذیرشہریوں کو طبی سہولتیں فراہم کرنے کے تمام تراقدام کررہی ہے۔

وہ اتوارکو انڈس اسپتال کورنگی کے توسیعی منصوبے کاسنگ بنیادرکھنے کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر صدرمملکت ممنون حسین نے کہاکہ محدود وسائل اور کئی چیلنجز یہ تقاضا کرتے ہیں کہ نجی شعبہ خصوصاً مخیر حضرات، معاشرے کا امیر طبقہ اور پیشہ ور ماہرین حکومت کی کاوشوں میں معاونت کریں۔ یہ دیکھ کر مجھے حقیقی خوشی ہوئی ہے کہ چند پرعزم ڈاکٹرز، مخیرحضرات اور کاروباری حضرات کی جانب سے 2005میں شروع کی گئی کوشش لوگوں کی کامیابی سے خدمت کر رہی ہے اور ان کی تکالیف دور کر رہی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ گذشتہ 6سال میں 3ارب روپے کے خرچ سے 1.5 ملین مریضوں کو براہ راست طبی سہولت پہنچانابجائے خوداس اسپتال کی غیرمراعات یافتہ لوگوں کی عظیم خدمت کاعکاس ہے۔

 photo 12_zpsb4a6e5cc.jpg

انھوں نے انڈس اسپتال کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر عبدالباری خان، ان کی معاون ٹیم، تمام افراد، مخیر حضرات اور معاون لوگوں کی تعریف کی جو اس نیک کام میںاسپتال کے ساتھ تعاون کررہے ہیں۔ صدرمملکت نے کہاکہ میں تمام صاحب حیثیت وثروت لوگوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ آگے بڑھیں اور بیمارخلق خداکے لیے جو کرسکتے ہیں، کریں۔ معاشرے کے تمام طبقوں کو معیاری طبی سہولیات فراہم کرنابڑا چیلنج ہے تاہم کوئی چیلنج اس وقت ناقابل تسخیرنہیں رہتا جب تمام لوگ جمع ہو کر اس کا سامنا کرنے کے لیے صف بستہ ہوں۔ انھوں نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کاقول دہرایاکہ اب تمام لوگوں کیلیے میرا پیغام امید، حوصلہ اور اعتماد ہے، ہم سب اپنے وسائل کو منظم انداز میں اس عزم اور نظم ضبط سے حاصل کریںجو ایک عظیم قوم کاخاصہ ہوتاہے۔ صدرمملکت نے اسپتال کے توسیعی منصوبے کے لیے 50 لاکھ روپے کے عطیے کا بھی اعلان کیا۔

انھوںنے کہاکہ ملک کے وسائل کم ہیںاس کے باوجودملک میں گراںقدر خیرات میسرہے۔ انھوںنے کہاکہ وزیراعظم نوازشریف ملک کی معاشی ترقی کیلیے انتہائی پرعزم ہیں۔ اس موقع پر صدرمملکت نے توسیع منصوبہ کی تختی کی نقاب کشائی بھی کی۔ قبل ازیں انڈس اسپتال کراچی کے بورڈ کے چیئرمین حافظ فیروز الدین نے خطبہ استقبالیہ دیتے ہوئے کہا کہ اولین یہ اسپتال 150 بستروں کی سہولت کے طورپر ابھرااور اب اسے توسیع دے کر 1500بستروں کی سہولت میںتبدیل کیاجائے گا۔ انھوںنے کہاکہ انڈس اسپتال کاغذاستعمال نہ کرنے والا اسپتال ہے جہاں تمام نظام کمپیوٹرکے ذریعے چل رہاہے۔ اسپتال کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر عبدالباری خان نے کہاکہ اب اسپتال کے توسیعی کام کاآغاز کیاجا رہاہے۔ آرکٹیکٹ ڈاکٹرطارق احسن نے توسیعی منصوبے کے مختلف پہلوئوںپر روشنی ڈالی جسے سی بی جی سنگاپورکے سپردکیا گیاہے۔