13ستمبر1965: بھارت نے جنگ کی خبروں پر سنسر شپ عائد کردی

ایکسپریس ٹریبیون رپورٹ  اتوار 13 ستمبر 2020
فضائیہ نے 6بھارتی طیارے تباہ کردیے،شاہ ایران کا پاکستان سے یکجہتی کا اعلان۔ فوٹو: فائل

فضائیہ نے 6بھارتی طیارے تباہ کردیے،شاہ ایران کا پاکستان سے یکجہتی کا اعلان۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: ہرمحاذ پر منہ کی کھانے کے بعد 13 ستمبر کو ہندوستان نے جنگ کے بارے میں تمام خبروں پر سخت سنسرشپ عائد کردی اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو محاذوں کے دورے سے روک دیا۔

کئی جنگی طیاروں کی تباہی کی صورت میں فضائی محاذ پر بھاری نقصان اٹھانے کے بعد بھارت نے جنگ جاری رکھنے کے لیے امریکا سے فائٹر جیٹ مانگ لیے۔ دریں اثنا پاک فوج نے ایک اور بھارتی پیش قدمی روک دی اور دشمن کو پیچھے دھکیلتے ہوئے موناباؤ ریلوے اسٹیشن پر قبضہ کرلیا۔

پاک فوج نے دشمن کی کھیم کرن کو واپس لینے کی متعدد کوششیں ناکام بنائیں اور انھیں بھاری نقصان سے دوچار کیا۔ جموں میں ایئرفیلڈ پر حملہ کرکے پاک فضائیہ نے چھ بھارتی سامان بردار طیارے تباہ کردیے۔ پاک فضائیہ نے سیالکوٹ سیکٹر میں دشمن کا ایک جی ناٹ جنگی طیارہ بھی تباہ کیا۔ اسی دوران پی این ایس غازی معمول کی مرمت اور بریفنگ کے لیے کراچی بندرگاہ پر واپس آگئی۔

امریکا اور برطانیہ نے ترکی اور ایران کو اس جنگ میں پاکستان کی حمایت سے باز رکھنے کے لیے دباؤ بڑھادیا۔ اس کے باوجود شاہ ایران رضاشاہ پہلوی نے پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اعلان کیا۔ اسی دوران روس نے جنگ کا ذمے دار امریکی پالیسیوں کو ٹھہرایا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔