موٹروے زیادتی کیس؛ تفتیشی ٹیمیں 7 روز بعد بھی مرکزی ملزم کو نہ پکڑ سکیں

اسپیشل رپورٹر  بدھ 16 ستمبر 2020
وقار الحسن کے عزیزواقارب اور وقار کا سالا عباس بھی بے گناہ ہونے پر رہا فوٹو: فائل

وقار الحسن کے عزیزواقارب اور وقار کا سالا عباس بھی بے گناہ ہونے پر رہا فوٹو: فائل

 لاہور: سیالکوٹ لاہور موٹر وے پر خاتون سے زیادتی کا مقدمہ درج ہوئے 7 روز گئے لیکن تفتیشی ٹیمیں مرکزی ملزم کو نہ پکڑ سکیں۔

سانحہ گجر پورہ کے 7 روز بعد بھی اجتماعی زیادتی کا مرکزی ملزم عابد علی حراست میں نہ آ سکا۔ تفتیش کار ملزم کی گرفتاری کے لئے دوسرے شہروں میں بھی چھاپے مار رہے ہیں لیکن تاحال سفاک ملزم گرفت میں نہ آسکا۔ ساہیوال سے حراست میں لیے گئے ملزم اقبال عرف بالا مستری کی نشاندہی پر تشکیل کردہ ٹیمیں دن رات ملزمان کو پکڑنے کی کوششیوں میں مصروف ہیں۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ روز پولیس کی زیر حراست وقار کے عزیزواقارب اور وقار کے عزیز عباس کو بھی پولیس نے چھوڑ دیا گیا۔ وقار اور عباس کے عزیزواقارب کو چند روز قبل تحویل میں لیا گیا تھا، وقار مرکزی ملزم عابد کا محلہ دار تھا جسے ڈی این اے رپورٹ آنے کے بعد رہا کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

دوسری جانب گجر پورہ واقعہ کی انکوائری انچارج تھانہ گجر پورہ سے تبدیل کرکے انچارج پرانی انارکلی کے سپرد کردی گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔