وقار ذکاء نے مروہ کی فیملی سے متعلق ندایاسر کا جھوٹ بے نقاب کردیا

ویب ڈیسک  جمعـء 18 ستمبر 2020
ہم نے نہ تو شو کی میزبان اور نہ ہی شو کی انتظامیہ سے رابطہ کیا، مروہ والد۔ فوٹو: فائل

ہم نے نہ تو شو کی میزبان اور نہ ہی شو کی انتظامیہ سے رابطہ کیا، مروہ والد۔ فوٹو: فائل

 کراچی: وقار ذکاء نے مروہ کی فیملی سے متعلق نجی چینل کی مارننگ شو میزبان ندا یاسر کا جھوٹ بے نقاب کردیا۔

ندا یاسر نے اپنے ویڈیو پیغام میں معافی مانگتے ہوئے کہا تھا کہ میں نے مروہ کے والدین کو بلا کر ان سے کچھ ایسے سوال کیے جو مجھے نہیں کرنے چاہیئے تھے  اس لئے میں  آپ لوگوں سے ہاتھ جوڑ کر معافی مانگتی ہوں لیکن یہ بات بھی سچ ہے کہ ہم نے مروہ کی فیملی کو نہیں بلایا تھا بلکہ وہ خود آنا چاہتے تھے کیونکہ انہیں میڈیا سپورٹ کی ضرورت تھی۔

ندا یاسر کی معافی پر وقار ذکاء خاموش نہ رہے، انہوں نے یوٹیوب پر ایک تفصیلی ویڈیو جاری کی جس میں انہوں نے ندا یاسر کی مروہ کی فیملی سے متعلق معافی پر سے پردہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی ویڈیو میں جھوٹ بولا ہے۔ وقار ذکاء نے مروہ کے والد کا بیان دکھایا جس میں انہوں نے ندا یاسر کے بیان کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے نہ تو شو کی میزبان اور نہ ہی شو کی انتظامیہ سے رابطہ کیا بلکہ انہوں نے خود ہمیں کال کرکے اپنے شو میں مدعو کیا تھا۔

یہ خبر بھی پڑھیں: مروہ کے والدین کو بلانے پر سوشل میڈیا صارفین ندا یاسر پر برہم

ویڈیو میں مروہ کے تایا نے بھی ندا یاسر کے جھوٹ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مروہ کے حادثے سے قبل میں کسی میڈیا کے نمائندے کو بھی نہیں جانتا تھا لیکن جس دن بچی مروہ کی لاش ملی تب سے میڈیا والے ہمارے پاس آنا شروع ہوئے اور اس دوران تمام رابطہ صرف میڈیا کی جانب سے ہی کیا گیا ہم نے کسی کو بھی نہیں کہا۔

یہ خبر بھی پڑھیں: ندا یاسر نے مروہ کی فیملی کوشو میں بلانے پر معافی مانگ لی

مروہ کے تایا نے یہ بھی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ندا یاسر کا یہ کہنا غلط ہے کہ شو کے بعد پولیس کی جانب سے ایف آئی ار درج کی گئی بلکہ ایف آئی آر تو 4 ستمبر کو ہی گمشدگی کی کٹوا دی گئی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔