سنگاپور ایپل واچ پہننے والوں کو 280 ڈالر تک ادا کرے گا

ویب ڈیسک  ہفتہ 19 ستمبر 2020
سنگاپور نے ایپل اسمارٹ واچ پہننے والوں کے لئے 280 ڈالر تک انعام کا وعدہ کیا ہے،تصویر میں سنگاپور کا مشہور ایپل اسٹور نمایاں ہے۔ فوٹو: فائل

سنگاپور نے ایپل اسمارٹ واچ پہننے والوں کے لئے 280 ڈالر تک انعام کا وعدہ کیا ہے،تصویر میں سنگاپور کا مشہور ایپل اسٹور نمایاں ہے۔ فوٹو: فائل

سنگا پور: اگر آپ سنگاپور میں ہیں تو ایپل واچ پہننے سے حکومت آپ کو 280 ڈالر تک کا انعام دے گی۔ لیکن یہ انعام ایک طرح کی ترغیب ہے جس کے تحت حکومت کی تیارکردہ ورزشی ایپ استعمال کرنا ہوگی جو بطورِخاص ایپل واچ کے لئے ڈیزائن کی گئی ہے۔

حکومتِ سنگاپور کی ایپ گھڑی پہننے والے کو ورزش کی ترغیب دیتی ہے اور ہفتے میں بعض جسمانی سرگرمیاں انجام دینے پر زور دیتی ہے۔ یہ سب تندرستی سے وابستہ کام ہیں جن میں چلنا، دوڑنا، تیراکی اور یوگا شامل ہے۔ ایپ میں سائن اپ کرکےآپ صحت و فٹنس کی معلومات، ٹوٹکے اور ویکسین کی معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔ اگر آپ ورزش اور صحت کے اہداف پورے کرتے ہیں تو حکومت انعام کے طور پر 280 ڈالر ادا کرے گی۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ سنگاپور کی حکومت اپنی عوام کی صحت و تندرستی کے لئے کس قدر فکر مند ہیں۔

اس ضمن میں ایپل کمپنی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ان کی ہارڈویئر اور کسی حکومت کے درمیان یہ اپنی نوعیت کا پہلا معاہدہ بھی ہے۔ ایپل کے سی ای او جیف ولیمز نے کہا کہ سنگاپور میں صحت کی جدید ترین سہولیات ہے جو دنیا میں بہترین ہیں اور ہم ان کے ساتھ اشتراک میں بہت پرجوش ہیں۔

واضح رہے کہ ایپل نے چند روز قبل واچ سیریز 6 کے دو ماڈل پیش کئے تھے جن میں بطورِ خاص صحت اور فٹنس پر زور دیا گیا ہے۔ اس بار واچ میں صحت اور جسمانی بہتری پر زور دیتے ہوئے جدید فیچر شامل کئے گئے ہیں جن میں حساس آکسی میٹر بھی موجود ہے۔ تجزیہ کاروں نے اسے کورونا وبا کے تناظر میں ایک اہم اختراع قرار دیا ہے کیونکہ دنیا بھر میں جہاں ماسک، سینیٹائزر کے ساتھ ساتھ خون میں آکسیجن کی مقدار ناپنے والے آکسی میٹر کی شدید قلت بھی دیکھی گئی تھی۔ اس تقریب کو دنیا بھر میں دس لاکھ سے زائد افراد نے آن لائن دیکھا ۔

ایپل کمپنی کے مطابق گھڑی کے نیچے حساس سینسر نصب ہیں جوخون کی رنگت دیکھ کر صرف 15 سیکنڈ میں آکسیجن کی درست مقدار ظاہر کرتا ہے اور یہ ایپل واچ کے خواص میں ایک نمایاں اضافہ ہے۔ اس کے علاوہ یہ نیلے المونیم میں پیش کی جانے والی ایک پہلی ایپل واچ بھی ہے۔ تاہم سات مختلف اسٹائل اور رنگوں میں سے آپ اپنی پسندیدہ واچ لے سکتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔