عسکری قیادت سے پارلیمانی رہنماؤں کی ملاقات، نیب پر تحفظات کا اظہار

خالد محمود  پير 21 ستمبر 2020
 نیب کو خود بنایا اس میں ہمارا کوئی کردار نہیں، عسکری قیادت کا پارلیمانی رہنماؤں کو جواب

نیب کو خود بنایا اس میں ہمارا کوئی کردار نہیں، عسکری قیادت کا پارلیمانی رہنماؤں کو جواب

 اسلام آباد: آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی سے ملاقات میں پارلیمانی رہنماؤں نے نیب کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق آرمی چیف، ڈی جی آئی ایس آئی اور پارلیمانی رہنماؤں کے مابین گزشتہ ہفتے ملاقات ہوئی جس میں  گلگت بلتستان کے انتظامی امور پر بات چیت کی گئی۔

ملاقات میں گلگت بلتستان کو نیا صوبہ بنانے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا۔ شرکا نے تجویز دی کہ گلگت بلتستان میں انتخابات کا یہ کام نئی اسمبلی پر چھوڑ دیا جائے اور نئی اسمبلی خود قرارداد پاس کرے گی۔

ملاقات میں شریک ہونے والے مسلم لیگ (ن) کے وفد میں شہباز شریف، خواجہ آصف اور احسن اقبال شامل تھے۔  بلاول بھٹو زرداری اور شیری رحمان بھی وفد کے ہمراہ ملاقات میں موجود تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ دنوں گلگت بلتستان الیکشن کے حوالے سے اہم میٹنگ ہوئی جس میں قومی سلامتی کے اداروں نے سیاسی رہنماؤں پر واضح کردیا کہ فوج کو انتخابی عمل سے الگ رکھا جائے۔ قومی سلامتی سے وابستہ حکام نے اس عزم کو دہرایا کہ پاک فوج ملک میں امن و امان کے قیام کے لیے اپنے فرائض ماضی کی طرح ادا کرتی رہے گی لیکن انتخابی عمل، پولنگ، جیسے معاملات میں افواج پاکستان کو دور رکھا جائے اور سول امور اور معاملات کو سول انتظامیہ ہی سرانجام دے۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں پارلیمانی رہنماؤں نے نیب کے حوالے سے  خدشات کا اظہار کیا جس پر عسکری قیادت نے کہا کہ نیب کو خود بنایا اس میں ہمارا کوئی کردار نہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔