مسلم لیگ ن نے طلال چوہدری کے معاملے پر تحقیقاتی کمیٹی بنادی

ویب ڈیسک / اسٹاف رپورٹر  اتوار 27 ستمبر 2020
پارٹی کی فیک فائنڈنگ کمیٹی ممکنہ طور پرآج لاہور میں طلال چوہدری سے ملے گی۔ (فوٹو،فائل)

پارٹی کی فیک فائنڈنگ کمیٹی ممکنہ طور پرآج لاہور میں طلال چوہدری سے ملے گی۔ (فوٹو،فائل)

 لاہور: دور روز قبل مبینہ طور خاتون رکن اسمبلی کے بھائیوں کی جانب سے تشدد کا نشانہ بننے والے سابق وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے معاملے پر مسلم لیگ(ن)پنجاب کے صدر راناثناء اللہ نے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بنادی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے کمیٹی  سائرہ افضل تارڑ، اکرم انصاری پر مشتمل ہے اور  تین روز میں سارے واقعہ کی جانچ پڑتال کرے گی۔ واقعہ کے فیکٹس سے پارٹی قیادت کو آگاہ کیا جائے گا۔

دوسری جانب واقعے سے متعلق وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا ہے کہ میرے ساتھ پیش آنے والے واقعے کا خاتون رکن اسمبلی سے تعلق نہیں۔  مجھ سے متعلق ذرائع سے چلنی والی خبریں حقائق پر مبنی نہیں واقعے کے بارے میں تفصیلی موقف جاری کروں گا۔

یہ خبر بھی پڑھیے: طلال چوہدری پر نامعلوم افراد کا حملہ، شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل

انہوں نے کہا کہ میڈیا سے درخواست ہے کہ میرے موقف کا انتظار کرے۔ موقف سامنے آنے تک ایسی خبریں نہ دی جائیں جن سے غلط فہمیاں اور رنجشیں پیدا ہوں۔  واقعے کا کسی خاتون رکن قومی اسمبلی سے کوئی تعلق نہیں۔ میڈیا سے درخواست ہے کہ خواتین سے متعلق خانگی نزاکتوں کا احساس کرے۔

یہ خبر بھی پڑھیے: طلال چوہدری کا خاتون رکن اسمبلی کو ہراساں کرنا افسوس ناک ہے، شہباز گل

انہوں نے کہا کہ سب ماوں بہنوں بیٹیوں کی عزت اور وقار کا خیال رکھا جائے ۔ بعض حکومتی شرپسندوں کا واقعہ کو سیاسی رنگ دینا قابل مذمت ہے۔

دوسری جانب فیصل آباد پولیس نے بھی واقعے کی تحقیقات کے لئے اپنی کمیٹی بنا رکھی ہے جس کے لئے آج اتوار کو کسی وقت فیصل آباد پولیس کی لاہور آمد متوقع ہے۔ فیصل آباد پولیس طلال چوہدری کا بیان ریکارڈ کر کے وقوعے سے متعلق اپنی رپورٹ اعلی پولیس حکام کو پیش کرے گی.

ہسپتال ذرائع کے مطابق طلال چوہدری کی حالت بہتر ہے تاہم ان کا بازو اور کندھا کئی جگہوں سے فریکچر ہوا ہے۔ ڈاکٹروں نے طلال چوہدری کو شولڈر بیلٹ لگانے اور بیڈ ریسٹ کی تجویز دیتے ہوئے آئندہ ایک دو روز میں ہسپتال سے ڈسچارج کرنے کی نوید بھی سنائی ہے.

تین دن میں کسی لیگی رہنما نے عیادت نہیں کی 

لیگی رہنما طلال چوہدری کو  ڈیفنس کے نجی ہسپتال میں داخل ہوئے تیسرا دن ہوچکا ہے تاہم کوئی لیگی رہنما ان سے ملاقات یا عیادت کے لئے نہیں پہنچا۔ گذشتہ روز تقریبا تمام لیگی قیادت لاہور میں موجود تھی تاہم کسی نے طلال چوہدری کا حال تک نہیں پوچھا۔

پارٹی ذرائع کے مطابق  آج اتوار کو مسلم لیگ ن پنجاب کی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کا طلال چوہدری سے ملنے کا امکان ہے۔ سائرہ افضل تارڑ کی سربراہی میں 3 رکنی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی طلال چوہدری ایشو کی تحقیقات کر کے 3 دن میں رپورٹ تیار کرے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔