تیسرا ٹیسٹ رامدین اور چندرپال نے کیوی بولرز کا برا حال کردیا

نوجوان بیٹسمین کی سنچری، سینئر پلیئر 94 پر ناقابل شکست،ویسٹ انڈیز کے 286 رنز


Sports Desk December 20, 2013
ہیملٹن ٹیسٹ:ویسٹ انڈین بیٹسمین دنیش رامدین کے شاٹ پر کیوی وکٹ کیپر واٹلنگ گیند تک پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

KARACHI: تیسرے ٹیسٹ میں دنیش رامدین اور شیونرائن چندرپال نے کیوی بولرز کا برا حال کردیا، 86 رنز پر 5 وکٹیں کھونے والی ویسٹ انڈین ٹیم نے پہلے دن کے اختتام تک6 وکٹ پر 289 رنز بنالیے، رامدین 107 پر آئوٹ ہوئے، چندرپال 94 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سیریز میں 0-1 کے خسارے سے دوچار ویسٹ انڈیز کا نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ کا آغاز بھی انتہائی مایوس کن انداز میں ہوا،ایک وکٹ پر بننے والے 77 رنز 86 تک پہنچے تو گرنے والی وکٹوں کی تعداد 5 ہوچکی تھی، صرف 9 رنز کے دوران چار وکٹیں گریں، کیرن پاول 26 رنز پر ویگنر کی گیند پر کاٹ بی ہائنڈ ہوئے، کریگ بریتھ ویٹ کو 45 پر ٹم سائوتھی نے ولیمسن کا کیچ بنایا، کرک ایڈورڈز (6) بھی سائوتھی کا شکار ثابت ہوئے کیچ واٹلنگ نے تھاما، مارلون سموئلز صفر پر آئوٹ ہوئے، یہ سال ان کے لیے کافی مایوس کن ثابت ہوا، گذشتہ برس سموئلز نے11 اننگز میں 86.60 کی اوسط سے 866 رنز بنائے جبکہ 2013 میں اب تک انھوں نے اتنی ہی اننگز میں 25.90 کی معمولی ایوریج سے صرف 285 رنز اسکور کیے ہیں،انھیں کورے اینڈرسن نے ولیمسن کی مدد سے قابو کیا، 86 رنز پر گرنے والی پانچویں وکٹ دیونرائن (2) کی تھی جو کورے کی گیند پر ایل بی ڈبلیو قرار پائے۔

 photo 6_zps31340f1d.jpg

اس موقع پر چندرپال کو وکٹ پر دنیشن رامدین نے جوائن کیا، دونوں نے جوانمردی سے کیوی بولرز کا سامنا کرتے ہوئے چھٹی وکٹ کیلیے 200 رنز کی شراکت کی، اس دوران رامدین کا 57 اور پھر 92 رنز پر مڈ وکٹ اور شارٹ کور پر کیچ ڈراپ ہوا، چندرپال بھی کئی مواقع پر بال بال بچے ، رامدین اپنی چوتھی سنچری مکمل کرنے کے بعد 107 رنز پر کورے کی تیسری وکٹ بنے، کیچ وکٹ کیپر واٹلنگ نے تھاما، جب پہلے دن کے کھیل کا اختتام ہوا تو ویسٹ انڈیز نے 6 وکٹ پر 289 رنز بنالیے تھے، چندر پال 94 اور ڈیرن سیمی بغیر کھاتہ کھولے کریز پر موجود تھے،کورے اینڈرسن نے 3 اور ٹم سائوتھی نے 2 وکٹیں لیں۔