فلم ’قائداعظم زندہ باد‘ میں فہد مصطفیٰ کی پولیس افسر کے کردار میں تصویر وائرل

ویب ڈیسک  بدھ 14 اکتوبر 2020
فلم کا پہلا آفیشل ٹریلر بھی جلد ریلیز ہوگا، فہد مصطفیٰ (فوٹو : فائل)

فلم کا پہلا آفیشل ٹریلر بھی جلد ریلیز ہوگا، فہد مصطفیٰ (فوٹو : فائل)

معروف اداکار و کامیاب میزبان فہد مصطفیٰ نے سوشل میڈیا پر اپنے مداحوں کے لیے فلم ’قائداعظم زندہ باد‘ میں اپنے کردار پولیس آفیسر کی پہلی جھلک شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ جلد ہی فلم کا آفیشل ٹریلر بھی ریلیز کیا جائے گا۔ 

کورونا وبا کے باعث تاخیر کی شکار فلم ’قائد اعظم زندہ باد‘ کا فلم بین بے تابی سے انتطار کر رہے ہیں، فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے والے فہد مصطفیٰ نے مداحوں کی بے چینی کا ادراک کرتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنی ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں وہ پولیس افسر کے روپ میں دکھائی دے رہے ہیں۔

مونچھوں کو تاؤ دیئے فہد مصطفیٰ شہریوں کے ہجوم میں دبنگ اسٹائل دیتے ہوئے نظر آرہے ہیں، اُن کی شرٹ پر نام ’گلاب‘‘ لکھا اور ایسا لگتا ہے کہ فہد مصطفیٰ نے بطور پولیس افسر شہریوں کو کسی گھمبیر مسئلے سے بچالیا ہے جس پر لوگوں کا ہجوم ان کے حق میں نعرے لگا رہا ہے۔ فہد مصطفیٰ فلم میں ایک مقبول پولیس افسر کا کردار ادا کررہے ہیں۔

یہ نبیل قریشی اور فضا علی مرزا کی پانچویں فلم ہے، اس سے قبل دیگر چاروں فلموں ‘نامعلوم افراد’، ‘ایکٹر ان لا’، ‘نامعلوم افراد 2′ اور ‘لوڈ ویڈنگ’ میں بھی فہد مصطفیٰ نے ہی مرکزی کردار نبھایا تھا۔

فلم ساز نبیل قریشی اور فضا علی مرزا کئی بار اس خواہش کا اظہار کرچکے ہیں کہ ان کی فلم ’قائد اعظم زندہ باد‘ کورونا وبا کے بعد پاکستانی سینماؤں میں لگنے والی پہلی فلم ثابت ہو۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔