بلدیاتی آرڈیننس کیخلاف کوئی اعتراض جمع نہیں کرایا گیا شرجیل میمن

اپوزیشن جماعتیں کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن سے دھیان ہٹانے کیلیے کھیل کھیل رہی ہیں


Staff Reporter December 21, 2013
ایل ایف اواوران کو وردی میں قبول کرنیوالے آج جمہوری قوانین کوکالا قانون کہہ رہے ہیں۔ فوٹو: فائل

لاہور: سندھ کے وزیراطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن نے کہاہے کہ سندھ اسمبلی میں موجود اپوزیشن جماعتیں کراچی میں جاری ٹارگٹڈآپریشن سے دھیان ہٹانے کیلیے ساراکھیل کھیل رہی ہیں۔

پرویز مشرف کے ایل ایف اواوران کووردی میں قبول کرنے والے آج جمہوری قوانین کوکالا قانون کہہ رہے ہیں،سیاست میں بات چیت کے دروازے کبھی بندنہیں ہوتے اور پیپلز پارٹی کی جانب سے بات چیت کیلیے دروازے سب کیلیے کھلے ہیں۔ جمعے کوسندھ اسمبلی کے اجلاس کے بعدمیڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ آج کے اجلاس میں آرڈیننس کو باقاعدہ قانون کی شکل دی گئی ہے اوراس سلسلے میں اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے ان میں کسی قسم کاکوئی اعتراض اسمبلی سیکریٹریٹ میں داخل نہیں کیا گیا تھا، آج اسمبلی میں جو کچھ ہوااس کو کالے کیمروں نے عوام کے سامنے بے نقاب کردیااور عوام کو بتا دیا کہ آمروں کے دورمیں بننے والے قوانین پرلبیک کہنے والوں نے کس طرح جمہوری قوانین کوکالے قوانین قراردیا۔

 photo 1_zps27840809.jpg

اپوزیشن کی جماعتین آنے والے بلدیاتی انتخابات میں اپنی واضح شکست دیکھ کر رہ فرار چاہ رہی ہیں لیکن ہم انھیں ایسانہیں کرنے دیںگے،سندھ حکومت کراچی میں دہشتگردوں،ٹارگٹ کلرز،بھتہ خوروں اورمافیا کے خلاف آپریشن جاری رکھے گی،ماضی میں بھی پیپلز پارٹی کے خلاف اتحادبنتے رہے ہیں اورآئی جے آئی کس نے بنائی اوراس کی ڈورکس کے ہاتھ میں تھی یہ کسی سے ڈھکی چھپی نہیں اور اب بھی انتخابات کے وقت تمام اپوزیشن جماعتیں پیپلزپارٹی کے خلاف کھڑی ہوگئی ہیں،ہمیں حیرت ہے کہ جو مسلم لیگ(فنکنشنل)اس قانون کی حمایت کرتی تھی اوراس نے اس قانون کو لانے کے لیے ماضی میں ہڑتالیں اوراحتجاج کرائے آج وہ اس قانون کوکالا قانون قراردے رہی ہے۔