کراچی میں ممبرلیگل سندھ ریونیوبورڈسمیت 7 افراد ہلاک

سرکاری کارمیں سوارممتازشیخ کو ڈیفنس میں نشانہ بنایاگیا،نارتھ ناظم میں ایک ہلاک


Staff Reporter September 07, 2012
سرکاری کارمیں سوارممتازشیخ کو ڈیفنس میں نشانہ بنایاگیا،نارتھ ناظم میں ایک ہلاک۔ فوٹو: فائل

کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں ممبرلیگل سندھ ریونیو بورڈسمیت 7افراد ہلاک جبکہ رینجرزاہلکارسمیت6 زخمی ہوگئے،اورنگی ٹاؤن 2 لاشیں ملیں۔

ڈیفنس فیز 4 بنگلہ نمبر 33/2 این اسٹریٹ کے باہر سرکاری ٹویوٹا کرولا کار نمبر GS-9947 میں سوار 65 سالہ ممتاز شیخ نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے جاں بحق ہوگئے ایس ایچ او گزری اسمٰعیل لاشاری نے بتایاکہ مقتول ممبر لیگل سندھ ریونیو بورڈ تھے،نارتھ ناظم آباد کے علاقے بلاک A کے ڈی اے چورنگی اور میٹرک بورڈ آفس کے درمیان موٹر سائیکل پر سوار 3 دوستوں 25 سالہ عمیر ، 24 سالہ نجم اور خضر حیات فائرنگ سے زخمی ہوگئے جنھیں عباسی شہید اسپتال لیجایا گیا جہاں عمیر نے دوران علاج دم توڑدیا ۔

ایس ایچ او نارتھ ناظم آباد انسپکٹر سلیم ناز نے بتایا کہ مقتول اور زخمیوں کا کسی بھی سیاسی یا مذہبی جماعت سے کوئی تعلق نہیں تھا تینوں دوست جناح پولی ٹیکنک سے آرہے تھے کہ نامعلوم ملزمان کی فائرنگ کا نشانہ بن گئے، مقتول عمیر آئی ٹی کا طالبعلم اور ناگن چورنگی کا رہائشی تھا جبکہ زخمی ہونے والے دونوں افراد اورنگی ٹاؤن کے رہائشی ہیں ، چاکیواڑہ کے علاقے مرزا آدم خان روڈ گلستان کالونی گلی نمبر 4 تانگہ اسٹینڈ کے قریب موٹر سائیکل سوار نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 35 سالہ عبدالغفار ہلاک ہوگیا۔

اورنگی ٹاؤن کے علاقے میٹرو سینما کے قریب نالے سے 30 سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی،نپیئر کے علاقے نشتر روڈ پرانا حاجی کیمپ سریا گلی کے کارنر پر بدھ کی شب2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا28 سالہ محمد عرفان عرف سونا سول اسپتال میں دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگیا ،مقتول متحدہ قومی موومنٹ کا کارکن تھا ،منگھو پیر تھانے کی حدود سلطان آباد پختون چوک قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے25 سالہ دانش علی ہلاک ہو گیا۔

اورنگی ٹاؤن نمبر5نورانی بلوچ گوٹھ کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے30سالہ اقبال شاہ ہلاک جبکہ فائرنگ کی زد میں آکر 22 سالہ محمد علی اور35 سالہ لطیف بلوچ زخمی ہوگئے،پولیس کے مطابق مقتول نورانی بلوچ گوٹھ کا رہائشی اور پیپلز پارٹی کا ہمدرد تھا، اورنگی ٹاؤن نمبر8 قطر اسپتال کے عقب سے35 سالہ نامعلوم مغوی کی لاش ملی، لیاری مرزا آدم خان روڈ میراناکہ پل کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے رینجرز60وینگ کا اہلکار عبدالجبار زخمی ہو گیا،