کیپٹن (ر) صفدر کی مزار قائد میں نعرے بازی، پی ٹی آئی رہنماؤں کا شدید ردعمل

اسٹاف رپورٹر / ویب ڈیسک  اتوار 18 اکتوبر 2020
مریم نواز کی مزار قائد پر حاضری کے موقعے پر کیپٹن صفدر نے ’’ووٹ کو عزت دو‘‘ کے نعرے لگوائے۔( فوٹو۔ اسکرین شاٹ۔

مریم نواز کی مزار قائد پر حاضری کے موقعے پر کیپٹن صفدر نے ’’ووٹ کو عزت دو‘‘ کے نعرے لگوائے۔( فوٹو۔ اسکرین شاٹ۔

 کراچی: پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز کی مزار قائد پر حاضری کے دوران احاطہ مزار میں ان کے شوہر کیپٹن (ر)  محمد صفدر نے نعرے بازی شروع کردی جس پر وفاقی وزرا کی جانب سے شدید ردّعمل سامنے آیا ہے۔  

کیپٹن (ر)  محمد صفدر نے مزار قائد کے احاطے میں ”ووٹ کو عزت دو“ کے نعرے لگائے۔،کیپٹن (ر)  محمد صفدر بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی قبر   کے احاطے میں داخل ہوگئے۔ قبر کے اطراف لگی جالیوں کو عبور کرلیا اور قبر کے ساتھ کھڑے ہوکر نعرے بازی کی اور کرائی۔وہاں موجود کارکنان نے بھی ووٹ کو عزت دو کے نعرے لگائے۔

اس موقعے پر مریم نواز،مریم اورنگزیب،نہال ہاشمی اور علی اکبر گجر بانی پاکستان کی قبر کے اطراف لگی مرکزی جالیوں کے اندر موجود تھے۔

مزار قائد کے اندر نعرے بازی کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد تحریک انصاف کے رہنماؤں کی جانب سے ردعمل بھی سامنے آیا اور انہوں نے احاطے میں نعرے بازی کو مزار کے تقدس کی پامالی قرار دیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز  نے کہا کہ ‏بابائے قوم کے مزارکو اپنی سیاست کیلئے استعمال کرنا انتہائی قابل مذمت اور شرمناک ہے۔ محسن پاکستان کے مزار پر جاکر معافی مانگتے کہ ہم نے ان کے بنائے وطن کو بے دردی سے لوٹا، نظریے سے انحراف کیا، اوراپنی جیبیں بھر کے پاکستان کے عوام کو کنگال کیا۔

وفاقی وزیر علی زیدی نے اپنے ایک ٹوئٹ میں مزار قائد میں نعرے بازی کی ویڈیو اس تبصرے کے ساتھ کی کہ سیاست دانوں بھیس میں اس جرائم پیشہ ٹولی کی جانب سے قائد کے مزار کے تقدس کی پامالی قابل قبول نہیں۔

اسی طرح وفاقی وزیر صنعت و پیدوار حماد اظہر نے بھی اپنے ایک ٹوئٹ میں اس واقعے پر کڑی تنقید کی۔ پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر خرم شیر زمان نے اپنے بیان میں کہا کہ مودی کی زبان بولنے بولنے والوں نے مزار قائد کا تقدس پامال کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ بیگم صفدر اور حواریوں کو مزار کے تقدس کا بھی احترام نہیں۔مزار قائد پر بدنظمی پیدا کرنے والوں کو گرفتار کیا جائے۔ جن کا ایجنڈا آر ایس ایس کا ہو انہیں مزار قائد کے تقدس کی کیا پرواہ ہوگی۔ مریم صفدر اعوان اور حواری قوم سے معافی مانگیں۔

کارروائی نہیں کی گئی تو مستقبل میں بھی ایسے واقعات ہوسکتے ہیں، انتظامیہ مزار قائد

مزار قائد کے ریذیڈنٹ انجینئر عارف احمد کا ایکسپریس نیوز سے بات چیت میں کہنا تھا کہ  اتوار کی سہ پہر سیاسی جماعت کے رہنماوں کی مزار قائد پر حاضری کے دوران ان کے کارکنان کی جانب سے نعرے بازی،ہلڑ بازی اور بانی پاکستان کے مزار کے توتقدس کی پامالی قابل افسوس ہے۔

عارف احمد کے مطابق مریم نواز کی مزار پر حاضری کےلیے صرف 4 سے 5 گاڑیوں کی مزار میں داخلے کی بات کی گئی تھی۔ مزارقائد مینجمنٹ کی جانب سے بانی پاکستان کے مزار کے تقدس کے حوالے اور کسی بھی ناخوشگوار صورت حال کے پیدانہ ہونے کے بارے میں ابتداء میں ہی واضح کردیا گیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ جتنے افراد کی آمد کا عندیہ دیا گیا تھا اس حوالے سے سیکیورٹی کے مکمل انتظامات موجود تھےمگربعدازاں جو صورت حال پیدا ہوئی وہ انتہائی افسوس ناک ہے۔

بانی پاکستان کے مزار پراس ناخوش گوار واقعے پر کسی بھی حکومتی  قانونی کارروائی کی مکمل تائید کرتے ہیں۔ اس حوالے سے قانون کے مطابق اگر کارروائی نہیں کی گئی تو مستقبل میں بھی ایسے واقعات رونما ہوسکتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔