کراچی: رہائشی عمارت میں دھماکا

ایڈیٹوریل  جمعرات 22 اکتوبر 2020
یہ ایک ہولناک منظرنامہ ہے، یہ سازش بھی ہو سکتی ہے، جس کا مقصد خوف و ہراس پھیلانا ہو۔ فوٹو: فائل

یہ ایک ہولناک منظرنامہ ہے، یہ سازش بھی ہو سکتی ہے، جس کا مقصد خوف و ہراس پھیلانا ہو۔ فوٹو: فائل

کراچی کے علاقے گلشن اقبال بلاک نمبر 7 کی ایک رہائشی عمارت میں ہونے والے پراسرار دھماکے کے نتیجے میں قیمتی جانیں ضایع ہوئی ہیں اور دو درجن سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں، دھماکا تخریب کاری کا نتیجہ ہے یا اتفاقی واقعہ ہے، پولیس کسی حتمی نتیجے پر تادم تحریر نہیں پہنچ سکی ہے۔

کسی بھی سانحہ کے نتیجے میں مالی و جان کا نقصان ہونا ایک قابل افسوس امر ہے، دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ رہائشی عمارت کے کارنر کے دو فلیٹ مکمل طور پر تباہ جب کہ عمارت کو شدید نقصان پہنچا، عمارت میں واقع ایک نجی بینک کی برانچ کو بھی شدید نقصان پہنچا جب کہ آس پاس کی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے، درجنوں دکانیں اورگاڑیاں تباہ ہو گئیں اور شہریوں کی املاک کو نقصان پہنچا ہے۔

یہ ایک ہولناک منظرنامہ ہے، یہ سازش بھی ہو سکتی ہے، جس کا مقصد خوف و ہراس پھیلانا ہو، کیونکہ کراچی میں اگلے روز کیماڑی میں بھی دھماکا ہوا تھا، جس کے نتیجے میں چار افراد زخمی ہو گئے تھے۔ پولیس کا کہنا تھا کہ بارودی مواد موٹر سائیکل میں نصب تھا۔ کراچی میں تیس برس کے بعد امن لوٹ آیا ہے، یہ اسے سبوتاژ کرنے کی امکانی سازش بھی ہو سکتی ہے۔ بہر حال تحقیقاتی ادارے اپنا کام کر رہے ہیں، رپورٹ کے بعد ہی حقیقی صورتحال واضح ہو سکے گی۔

ایدھی فاؤنڈیشن کے ترجمان کے مطابق 28 سے زائد زخمیوں کو نجی اور سرکاری اسپتالوں میں منتقل کیا جا چکا ہے۔ دو دن میں مسلسل دو دھماکے ہونا شہر میں خوف پیدا کرنے اور امن و امان تہہ و بالا کرنے کی سازش ہو سکتی ہے، اس سازش کا پتہ چلانا اور اس کے کرداروں کو کیفرکردار تک پہنچانا تو قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی ذمے داری ہے لیکن عوام کو بھی چوکنا رہنے کی ضرورت ہے۔

اس سانحے میں جاں بحق افراد کی مالی امداد اور زخمیوں کے لیے علاج معالجے کی سہولتیں بہم پہنچانے میں کسی بھی قسم کی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ واقعے کے محرکات کا پتہ تو جلد لگ ہی جائے گا لیکن یہاں پر عوام پر بھی ذمے داری عائد ہوتی ہے کہ وہ سماج دشمن عناصرکی تخریبی سرگرمیوں سے ہوشیار رہیں، اپنے اردگرد پرکڑی نگاہ رکھیں،کسی بھی مشکوک سرگرمی کی صورت میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو آگاہ کریں کیونکہ بحیثیت قوم، ہمیں مضبوط رہنا ہے، ہم دشمن کے عزائم کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے تو اسے شکست فاش ہو گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔