پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا مہم پر حکومت کا ٹویٹر سے کارروائی کا مطالبہ

بزنس رپورٹر  جمعرات 22 اکتوبر 2020
غلط اور بے بنیاد معلومات پر ٹویٹر اپنے اصولوں اور پالیسیوں کے مطابق ایسے اکاؤنٹس کے خلاف فوری کارروائی کرے، حکومت (فوٹو : فائل)

غلط اور بے بنیاد معلومات پر ٹویٹر اپنے اصولوں اور پالیسیوں کے مطابق ایسے اکاؤنٹس کے خلاف فوری کارروائی کرے، حکومت (فوٹو : فائل)

 اسلام آباد: پی ٹی اے نے ٹویٹر پر پاکستان کے خلاف جعلی خبروں کی مہم کا نوٹس لیتے ہوئے ٹویٹر انتظامیہ سے ملوث اکاؤنٹس کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کردیا۔

پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ٹویٹر انتظامیہ سے کہا ہے کہ وہ مواد کو اعتدال پر رکھنے والی اپنی ٹیموں کو فوری طور پر متحرک کرتے ہوئے اس با ت کو یقینی بنائے کہ پلیٹ فارم غلط معلومات کے پھیلاؤ کے لیے پروپیگنڈا ہتھیار کے طور پر استعمال نہ ہو۔

پاکستان کے شہروں اور اداروں کو نشانہ بناتے ہوئے غلط اور بے بنیاد معلومات پھیلانے کی موجودہ مہم کے تناظر میں، پی ٹی اے نے ٹویٹر پر زور دیا ہے کہ وہ اس مہم میں شامل ہینڈلز کو مؤثر طریقے سے بلاک کرے۔

یہ پڑھیں : پاکستان کیخلاف جعلی خبریں پھیلانے پر بھارتی صحافی اپنے میڈیا پر برس پڑے

پی ٹی اے نے کہا ہے کہ یہ بات ریگولیٹر کے لیے مایوس کن ہے کہ بے بنیاد معلومات کے پھیلاؤ میں ٹویٹر کے تصدیق شدہ اکاؤنٹس بھی شامل ہیں تاہم وہ اب بھی استثنیٰ کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ پی ٹی اے نے ٹویٹر سے کہا ہے کہ وہ اپنے اصولوں اور پالیسیوں کے مطابق ایسے اکاؤنٹس کے خلاف فوری کارروائی کرے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔