ٹیکس دہندگان عدالت میں چلے گئے آڈٹ پلان پر عمل مشکل

آڈٹ پراسیس شروع کیا گیا تو مختلف ٹیکس دہندگان نے انہیں عدالت میں چیلنج کر دیا ہے، ایف بی آر


Irshad Ansari December 22, 2013
ٹیکس دہندگان کے کیسوں کی نوعیت سے آگہی کے لیے پٹیشن کی کاپیاں ایف بی آر ہیڈ کوارٹرز کو بھجوائی گئی ہیں۔ فوٹو: فائل

ملک بھر میں ٹیکس دہندگان کی طرف سے عدالتوں میں مقدمے بازی کے باعث فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کے ماتحت اداروں کے لیے آڈٹ پلان پر عملدرآمد کرنا مشکل ہوگیا ہے۔فیلڈ فارمشنز نے مقدمات سے نمٹنے کے لیے ایف بی آر کو پالیسی گائیڈ لائن جاری کرنے کی درخواست کردی ہے۔

''ایکسپریس'' کو دستیاب دستاویز کے مطابق فیلڈ فارمشنز کی طرف سے ایف بی آر کو لیٹر لکھا گیا ہے کہ ایف بی آر کی طرف سے آڈٹ پلان کے تحت کمپیوٹرائزڈقرعہ اندازی کے ذریعے جن ٹیکس دہندگان کو ٹیکس ایئر2012 کے آڈٹ کے لیے منتخب کیا گیا ہے ان کے خلاف جب فیلڈ فارمشنز کی طرف سے آڈٹ پراسیس شروع کیا گیا تو مختلف ٹیکس دہندگان نے انہیں آڈٹ کے لیے منتخب کیے جانے کو عدالت میں چیلنج کر دیا ہے اور فیلڈ فارمشنز کے خلاف رٹ پٹیشنز فائل کردی ہیں۔ دستاویز میں بتایا گیاکہ ٹیکس دہندگان کی طرف سے دائر کردہ کیسوں کی نوعیت سے آگہی کے لیے نمونے کے طور پر رٹ پٹیشن کی کاپیاں بھی ایف بی آر ہیڈ کوارٹرز کو بھجوائی گئی ہیں۔

 photo 1_zpsc7694ca0.jpg

دستاویز کے مطابق کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کے ذریعے آڈٹ کے لیے منتخب کیے جانے والے ٹیکس دہندگان نے ایف بی آر کے ماتحت اداروں کے خلاف عدالتوں میں مقدمات دائر کرانا شروع کردیے ہیںاور ٹیکس دہندگان کی طرف سے ٹیکس ایئر 2011 اور 2012 کے آڈٹ پراسیس شروع کرنے کی مخالفت کی جارہی ہے جبکہ انکم ٹیکس آرڈیننس کی سیکشن 177 کی ذیلی شق 7 کے تحت کسی بھی ٹیکس دہندہ کو صرف معقول جواز کی صورت میں گزشتہ کچھ سال کے مسلسل آڈٹ کے لیے منتخب کیا جاسکتا ہے۔ دستاویز کے مطابق فیلڈ فارمشنز نے ایف بی آر کوبتایا کہ رٹ پٹیشن دائر میں ٹیکس دہندگان کی طرف سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ انہیں ٹیکس ایئر2012 کے آڈٹ کے لیے منتخب کیے جانے کے جواز اور وجوہ کے بارے میں آگاہ نہیں کیا گیا۔

دستاویز کے مطابق ٹیکس دہندگان کا ٹیکس ایئر2012 کے آڈٹ کے لیے انتخاب بذریعہ رینڈم کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی ہوا ہے اور اس کے لیے کسی قسم کے کوئی پیرامیٹرز متعین نہیں کیے گئے، ایسے کیس بھی سامنے آئے ہیںکہ ٹیکس ایئر 2011 کے آڈٹ کیلیے منتخب ٹیکس دہندگان کو رینڈم کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کے ذریعے ٹیکس ایئر2012 کے آڈٹ کے لیے دوبارہ منتخب کرلیا گیا جس سے بھی ظاہر ہوتا ہے کہ ٹیکس دہندگان کا ٹیکس ایئر 2012 کے آڈٹ کیلیے انتخاب پیرامیٹرز کے بغیرہوا، اس لیے ایف بی آر ہیڈکوارٹرز سے درخواست کی گئی ہے کہ اس بارے میںپالیسی گائیڈ لائن جاری کی جائے تاکہ مقدمہ بازی کو کم کیا جاسکے۔