بلدیاتی انتخابات سیاسی و مذہبی جماعتوں نے سرگرمیاں شروع کر دیں

18جنوری کوسیاسی،مذہبی جماعتوں اورآزاد امیدواروں کےدرمیان میدان سجےگا،الیکشن بورڈزاورالیکشن کمیٹیاں تشکیل دیدی گئیں


Staff Reporter December 22, 2013
مختلف جماعتیں 25دسمبر تک اپنے امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دیدیں گی، فوٹو: فائل

بلدیاتی انتخابات کیلیے سیاسی و مذہبی جماعتوں نے اپنی انتخابی سرگرمیوں کا آغاز شروع کردیا ہے، کراچی میں18جنوری کو بلدیاتی انتخابات میں یونین کمیٹیوں کی نشستوں پر متحدہ قومی موومنٹ، پیپلز پارٹی، تحریک انصاف، مسلم لیگ (ن)، جماعت اسلامی، عوامی نیشنل پارٹی اور جمعیت علمائے پاکستان سمیت دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں اور آزاد امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔

ان جماعتوں نے یونین کمیٹیوں میں6جنرل کونسلرز، اقلیتی کونسلر، خاتون کونسلر اور لیبر کونسلر کی نشست پر امیدواروں کے انتخاب کے لیے الیکشن بورڈز اور الیکشن کمیٹیاں تشکیل دیدی ہیں اور ضلعی سطح پر الیکشن سیل قائم کردیے گئے ہیں، ان الیکشن سیل میں سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے رہنما یونین کمیٹیوں کی نشستوں کیلیے امید واروں کے انٹرویوز کرکے حتمی فہرستیں مرتب کررہے ہیں، مختلف جماعتیں25دسمبر تک ان امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دیدیں گی، ایکسپریس نے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے مختلف جماعتوں کے رہنمائوں سے بات چیت کی، ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن امین الحق نے بتایا کہ ایم کیو ایم کراچی میں بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی،ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر الیکشن سیل قائم کردیا گیا ہے،امیدواروں کے انتخاب کے لیے رابطہ کمیٹی میں مشاورت جاری ہے، امیدواروں کا حتمی انتخاب الطاف حسین کریں گے، انھوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کراچی آپریشن ،بلدیاتی حلقہ بندیوں اور ترمیمی آرڈیننس پر تحفظات کے باوجود بھرپور انداز انتخابی مہم چلائے گی، پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے سیکریٹری جنرل نجمی عالم نے بتایا کہ پیپلز پارٹی نے کراچی میں یونین کمیٹیوں کی نشستوں پر امیدواروں کے چنائو کیلیے6الیکشن بورڈز تشکیل دیے ہیں، امیدواروں کے انتخاب کا70فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے،27دسمبر کو شہید بی بی کی برسی کے بعد عوامی رابطہ مہم شروع کی جائے گی۔

انھوں نے کہا کہ کراچی کا میئر پیپلز پارٹی کا جیالا ہو گا،مسلم لیگ ن سندھ کے سیکریٹری اطلاعات علی اکبر گجر نے بتایا کہ کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے لیے تمام نشستوں پر امیدوار کھڑے کریں گے، مسلم لیگ ہائوس میں الیکشن سیل قائم کردیا گیا ہے اور امیدواروں کے انتخاب کا سلسلہ جاری ہے، تحریک انصاف کے رہنما جمال صدیقی نے بتایا کہ کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے لیے ایک مرکزی کمیٹی اور ضلعی سطح پر6کمیٹیاں قائم کی گئی ہیں۔



مرکزی میڈیا سیل میں الیکشن آفس قائم کردیا گیا ہے، انھوں نے کہا کہ تمام نشستوں پر تحریک انصاف امیدوار کھڑے کرے گی، انھوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی سے ہمارا اتحاد ہوسکتا ہے، جماعت اسلامی کے ترجمان زاہد عسکری نے بتایا کہ جماعت اسلامی نے کراچی میں بلدیاتی انتخابات کیلیے بھرپور انداز میں تیاریاں شروع کردی ہیں اور ضلعی سطح پر جماعت اسلامی کے دفاتر میں الیکشن سیل قائم کردیے گئے ہیں، امیدواروں کا حتمی انتخاب کا مرحلہ چند روز میں مکمل کرلیا جائے گا، جمعیت علمائے پاکستان کے رہنما مستقیم نورانی نے کہا کہ جے یو پی کراچی میں بھرپور انداز میں انتخابی مہم چلائے گی اور تمام نشستوں پر امیدوار کھڑے کیے جائیں گے۔

نظام مصطفی پارٹی کے سربراہ حاجی حنیف طیب نے بتایا کہ ہماری جماعت کراچی کے بیشتر یونین کمیٹی کی نشستوں پر امیدوار کھڑے کرے گی اور بھرپور انداز میں انتخابی مہم چلائی جائے گی، مجلس وحدت المسلمین سندھ کے ترجمان آصف تقوی نے بتایا کہ ایم ڈبلیو ایم نے کراچی میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں شروع کردی ہیں اور یونین کمیٹی کی نشستوں پر امیدواروں کے انتخاب کے لیے انٹرویوز کا سلسلہ جاری ہے جبکہ تمام یو سی کے علاقوں میں انتخابی دفاتر قائم کیے جائیں گے، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما مولانا عبدالکریم عابد نے کہا کہ جے یو آئی (ف) کراچی میں بلدیاتی انتخابات میں تمام نشستوں پر امیدوار کھڑے کرے گی، مسلم لیگ (ق) سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے کہا کہ کراچی میں بلدیاتی انتخابات میں بیشتر نشستوں پر امیدوار کھڑے کرنے کا فیصلہ آئندہ چند روز میں کرلیا جائے گا،عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما بشیر جان نے کہا ہے اے این پی کراچی کے ان علاقوں میں بلدیاتی انتخابات میں امیدوار کھڑے کرے گی جہاں اس کی اکثریت ہوگی، اہلسنت والجماعت کے ترجمان نے کہاہے کہ کراچی میں بلدیاتی انتخابات میں متحدہ دینی محاذ کے پلیٹ فارم سے حصہ لیں گے۔