بولرز بے دانت کے شیر بن گئے پاکستانی کپتان پریشان

تیسرا ون ڈے آج شارجہ میں کھیلا جائے گا، اعصاب کی ایک اور جنگ کیلیے میدان تیار،سہیل تنویر کو ڈراپ کرنے کا امکان


Sports Desk December 22, 2013
ٹاپ آرڈر اچھا پرفارم کرنے لگا توبولنگ اٹیک ساتھ نہیں دے رہا، سیریز جیتنی ہے تو مسئلے کا حل نکالنا ہوگا ۔مصباح الحق۔فوٹو:فائل

KARACHI: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تیسرا ون ڈے انٹرنیشنل اتوار کو شارجہ میں کھیلا جائے گا، اعصاب کی ایک اور جنگ کیلیے میدان تیار ہے۔

گرین شرٹس حساب چکتا کرنے کیلیے بے تاب نظر آتے ہیں، مگر بولرز بے دانت کے شیر بن چکے،اس سے پاکستانی کپتان پریشانی کا شکار ہیں، مہنگے ثابت ہونے والے سہیل تنویر کو باہر بٹھایا جا سکتا ہے، انور علی میدان سنبھالنے کیلیے موقع کے منتظر ہیں، کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ ٹاپ آرڈر اچھا پرفارم کرنے لگا توبولرز ساتھ نہیں دے رہے، سیریز جیتنی ہے تو اس مسئلے کا حل نکالنا ہوگا، دوسری جانب سری لنکا فٹنس مسائل سے دوچار ہونے لگا، ٹخنے کی انجری نے لاہیرو تھریمانے کو باہر کردیا، تشارا پریرا اور انجیلو میتھیوز معمولی تکالیف سے دوچار ہیں، ڈیموتھ کرونارتنے کو میدان میں اتارا جائے گا، کپتان میتھیوز نے کہا کہ مقابلہ پاکستان سے ہوتو پھر گیم کبھی ختم نہیں ہوتا،آخری گیند تک فائٹ کرنا پڑتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کے درمیان اب تک کھیلے گئے دونوں ون ڈے انتہائی سنسنی خیز ثابت ہوئے جس میں دونوں ٹیموں کو ایک ایک کامیابی ملی، اب شارجہ میں اعصاب کی ایک اور جنگ چھڑنے والی ہے، یہاں پر گرین شرٹس نے پہلے میچ میں بڑی مشکل سے شکست کو ٹالا تھا، رواں سیریز میں پاکستان کو اب تک ایک اچھی اور ایک بُری خبر کا سامنا کرنا پڑا، بیٹنگ لائن نے جان پکڑنا شروع کی تو بولنگ اٹیک بے جان ہونے لگا، ٹاپ آرڈر نے دونوں میچز میں عمدہ پرفارم کیا مگر اختتامی اوورز میں بولنگ اٹیک اعتماد سے عاری دکھائی دیا، بولرزکئی مواقع پر کم ترین مجموعے کا بھی کامیابی سے دفاع کرلیتے تھے اب بڑے ٹوٹلز کو بچانے میں بھی مشکل پیش آرہی ہے۔

 photo 2_zps60ec8b09.jpg

سہیل تنویر دونوں میچز میں کافی مہنگے رہے، ان کی جگہ انور علی کو دی جاسکتی ہے۔ کپتان مصباح الحق نے کہاکہ اختتامی اوورز میں بولنگ ہمارے لیے مسئلہ بننے لگی،اگر سیریز جیتنی ہے تو پھر لازمی طور پر اس کمزوری پر قابو پانا ہوگا، ہماری فاسٹ بولنگ زیادہ تجربہ کار نہیں خاص طور پر عرفان اور عمر گل کی کمی محسوس ہورہی ہے، پہلے ہماری پریشانی کا سبب بیٹنگ ہوا کرتی تھی مگر میں بہت خوش ہوں کہ اب تک بیٹسمینوں کا کھیل کافی اچھا رہا ہے۔ واضح رہے کہ عمر گل کو ہنگامی بنیادوں پر سری لنکا سے ون ڈے سیریز کیلیے پاکستانی ٹیم کا حصہ بنایا گیا مگر ان کی تیسرے ون ڈے میں شرکت کا امکان کم ہے۔

ادھر ٹخنے میں تکلیف نے سری لنکن ٹیم سے تھریمانے کو باہر کردیا، اگرچہ میتھیوز اور تشارا بھی مختلف انجریز کا شکار ہیں مگر تکالیف معمولی ہونے کی وجہ سے میچ کھیلیں گے، کرونارتنے ، تھریمانے کی جگہ لینے کو تیار ہیں۔ سری لنکا اوس کی وجہ سے بعد میں بولنگ سے کترا رہا ہے، اسی وجہ سے ٹیم کو ٹوئنٹی 20 میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑا تھا، اس لیے ٹاس جیت کر وہ اس بار بھی پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دے سکتا ہے، دوسری جانب پاکستان پر بعد میں بیٹنگ کیلیے دبائو بھی بڑھ رہا ہے۔ کپتان انجیلو میتھیوز نے کہاکہ گرین شرٹس سے میچ ہو تو آپ کبھی بھی یہ نہیں کہہ سکتے کہ کھیل ہاتھ میں آگیا،آخری گیند تک فائٹ کرنا پڑتی ہے اور ہم نے گذشتہ میچزمیں یہی کیا، جس طرح کا پاکستان کا بولنگ اٹیک ہے ہم مسلسل حالت جنگ میں رہے ہیں، ہم حریف کو موقع نہیں دے سکتے کیونکہ پھر ہمیں موقع نہیں ملے گا۔