ایسا عقاب جس کی قیمت سن کر آپ کے ہوش اُڑ جائیں گے

ویب ڈیسک  پير 26 اکتوبر 2020
سعودی عرب میں عقاب کو خاص اہمیت حاصل ہے، فوٹو : رائٹرز

سعودی عرب میں عقاب کو خاص اہمیت حاصل ہے، فوٹو : رائٹرز

ریاض: سعودی عرب میں عقاب کو ایک کروڑ، 55 لاکھ اور 50 ہزار 871 روپے میں نیلام کیا گیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کے نوجوان  رازق رزق اللہ الحسنانی نے عقابوں کی نیلامی میں اپنا عقاب بھی فروخت کے لیے پیش کیا اور حیران کن طور پر وہ عقاب صرف آدھے گھنٹے میں ہی تین لاکھ 61 ہزار ریال میں نیلام ہوگیا۔ عقاب کو صالح المطیری نامی شخص نے خریدا۔

یہ عقاب المجیرمہ نامی علاقے سے شکار کیا گیا تھا جس کی لمبائی 15 انچ، چوڑائی 16 انچ اور وزن 1100 گرام تھا۔ اتنی اچھی قیمت ملنے پر رزاق نے دوبارہ اسی علاقے میں جا کر قیمتی عقاب کو پکڑنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔

عقاب کی نیلامی کے بعد 35 سالہ رزاق نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ 6 سال کی عمر سے عقابوں کی خرید و فروخت سے منسلک ہوں اور یہ کام اپنے والد سے سیکھا تھا لیکن اب تک زیادہ سے زیادہ 5 ہزار ریال میں عقاب بیچا تھا۔

واضح رہے کہ سعودی عرب میں عقاب کو پسندیدہ پرندہ اور اسے پالنے کو شان و شوکت سے تعبیر کیا جاتا ہے یہی وجہ ہے کہ یہاں دنیا بھر سے لائے گئے عقاب بڑی تعداد میں موجود ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔