’شرگز‘

سحرش پرویز  منگل 27 اکتوبر 2020
آنے والے موسم کا ایک بھر پور اور جاذبِ نظر پہناوا۔ فوٹو: فائل

آنے والے موسم کا ایک بھر پور اور جاذبِ نظر پہناوا۔ فوٹو: فائل

شرگز، سے مراد وہ سوئیٹر ہیں، جو عام طور پر آدھی اور پوری آستین والی جیکٹ کی طرح کے ہوتے ہیں۔

گذشتہ کچھ برسوں سے ہماری خواتین اسے بے حد پسند کر رہی ہیں، کیوں کہ انھیں لگتا ہے کہ اسے پہننے سے بوجھل پن محسوس نہیں ہوتا، گھریلو امور کی انجام دہی بھی سہل رہتی ہے اور ساتھ ہی مختلف قسم کے لباس کے ساتھ نہایت جاذب نظر محسوس ہوتا ہے۔

جوں ہی سرد رتوں کا آغاز ہوتا ہے، اس کا استعمال شروع ہوجاتا ہے، جیسے آج کل شامیں اور راتیں خنک ہونے لگی ہیں، ایسے میں ہلکے پھلکے شال کے اسٹائل کے بنے ہوئے شرگز استعمال کیے جاسکتے ہیں۔

بولیرو جیکٹ بھی اس کی ہی ایک قسم کہلاتی ہے، جو نیچے سے ایک جیسی ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ پلین شرگ، بولیرو شرگ جیکٹ، اوپن شرگ، بولیرو کارڈیگن، شرگ سویٹر، منی شرگ، پلین شرگ، ملٹی کلر شرگ، ڈیفوڈل شرگ، وسکاس منی شرگ، اسکن وسکاس شرگ، کاٹن جرسی شرگ، آستینوں والی شرگ اور اس کے علاوہ بے شمار ورائٹی بازار میں دست یاب ہیں۔ پلین شرگ دیکھنے میں بہت سادہ، لیکن پہننے میں خوب صورت اور لمبی ہوتی ہے۔ یہ چست اور کھلی فٹنگ میں بھی بہ آسانی مل جاتے ہیں۔ پولی ایسٹر شرگ بھی مختلف رنگوں میں بازاروں میں دست یاب ہوتے ہیں۔

ایمبرائیڈری اور سادہ شرگز جینز اور ٹراؤزرز کے ساتھ پہنی ہوئی بہت اچھی لگتی ہیں۔ اس کے علاوہ لائن اسکرٹس اور شرٹس کے اوپر میکسی اسٹائل کے شرگز کا اسٹائل بھی منفرد نظر آتا ہے۔ ٹاپ اور اسکرٹس پر بھی میکسی اسٹائل شرگز معیاری اور خوب صورت لگتے ہیں۔ واٹر فال شرگز پارٹیوں میں پہننے کے لیے اچھا اور منفرد انتخاب ہے۔ شمر اور لیدر کے کپڑوں پر واٹر فال شرگز پہنے کے بعد بالکل نمایاں دکھائی دیتے ہیں۔ ڈولمن شرگز کو کیپری کے ساتھ پہنا جائے، تو بہت خوب صورت اسٹائل ابھر کے سامنے آتا ہے اور دیکھنے والے کو بھی جاذب نظر آتا ہے۔

سردیوں کی بارش میں باہر جانے کا پروگرام ہو تو لیس والے شرگز منفرد لگتے ہیں۔ کسی بھی اچھی شرٹ کے ساتھ میچ کر کے خواتین لیس والی شرگ پہن سکتی ہیں۔ شال کالر شرگ بھی سردیوں کے موسم میں خوب صورت اور منفرد نظر آتے ہیں۔

یہ سردی سے بچاؤ کا کام بھی بہ خوبی کرتے ہیں۔ کالج اور یونیورسٹی کی لڑکیاں شال سے زیادہ ان شرگز کا استعمال کرتی ہیں۔ یہ چھوٹے بڑے ہر سائز میں مل جاتے ہیں اور پہننے میں بھی منفرد لگتے ہیں۔ اوپن فرنٹ شرگز یعنی کہ سامنے سے کھلے ہوئے شرگز کا اسٹائل بھی الگ ہے۔ اوپن فرنٹ شرگز کا استعمال پٹیالہ شلوار کے ساتھ کیا جائے، تو دیکھنے والے کو بھی اچھا لگتا ہے۔ اس کے علاوہ اجرک کے بنے ہوئے شرگز بھی ملتان اور سندھ میں بڑی تعداد میں مل جاتے ہیں۔

اجرک والے شرگز جینز اور پٹیالہ شلوار کے ساتھ بہت بھلے معلوم ہوتے ہیں۔ پرنٹڈ شرگز اور لائننگ والے شرگز مختلف رنگوں اور ڈیزائن میں بے حد پسند کیے جاتے ہیں۔ پرنٹڈ شرگز بلڈنگ کے ڈیزائن، پھولوں اور مختلف آرٹ کے ڈیزائن سے بنی ہوتی ہے اور اس طرح کا فیشن بھی خواتین میں بے حد مقبول ہے۔ پرنٹڈ شرگ جینز اور شرٹ کے ساتھ بہت اچھی لگتی ہے۔ اس کو پارٹیوں اور دفاتر میں پہننے کے لیے مناسب سمجھا جاتا ہے۔

مرینو اُون سے بنی شرگ سفید رنگ میں ہی موجود ہوتی ہے اور یہ ہر سوٹ کے ساتھ پہنی جا سکتی ہے۔ دیکھنے میں سادہ اور نفیس لگتی ہے، لیکن پہننے میں زیادہ خوب صورت اور منفرد نظر آتی ہے۔ اس کے علاوہ کروکِٹ شرگ بہت ہلکی اور پر کشش ہوتی ہے۔ خواتین اسے سردیوں کے علاوہ گرمیوں میں بھی پہن سکتی ہیں۔

شادی بیاہ کے موقع پر مختلف قسم کی شرگز کا استعمال ہوتا ہے، جو کہ اُون سے بنی ہوئی ہوتی ہیں اور بہت نرم اور مخملی کپڑے سے انھیں تیار کیا جاتا ہے۔ اب تو بہت سے ملکوں میں دلہن کو بھی شرگز اسٹائل میں شرارے کا استعمال کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

پارٹی، آفس، شادی بلکہ ہر موقع کی مناسبت کے لحاظ سے بہترین شرگز کا انتخاب کیا جا سکتا ہے، جو معیاری اور وراسٹائل پہچان بنا سکتی ہے۔ شرگز کا فیشن کافی مقبول ہو رہا ہے۔ سوئیٹر اور جیکٹس کا استعمال کم سے کم ہو تا جا رہا ہے، کیوں کہ شرگز کا منفرد اسٹائل ہے، جو لڑکیوں اور خواتین کو دوسروں سے مختلف دکھاتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔