پروموٹ پالیسی؛ انٹرکامرس ریگولر کے تمام طلبا کامیاب قرار

اسٹاف رپورٹر  بدھ 28 اکتوبر 2020
امتحانات میں طلبہ وطالبات کی کامیابی کا تناسب100فیصد رہا،ناظم امتحانات شجاعت ہاشمی۔ فوٹو: فائل

امتحانات میں طلبہ وطالبات کی کامیابی کا تناسب100فیصد رہا،ناظم امتحانات شجاعت ہاشمی۔ فوٹو: فائل

کراچی: اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ کامرس ریگولر گروپ کے سالانہ امتحانات 2020 کے نتائج کا اعلان کردیا جب کہ رجسٹریشن کرانے والے تمام43797امیدوارکامیاب قراردے دیے گئے۔

چیئرمین انٹر بورڈ پروفیسر انعام احمد نے بتایا ہے کہ کامرس ریگولر گروپ کے امتحانات میں 43797 امیداروں نے رجسٹریشن حاصل کی اور تمام 43797 امیدوار کامیاب قرار پائے اس طرح کامیابی کا تناسب 100فیصد رہا۔

انھوں نے بتایا کہ کورونا کی وبائی صورتحال کی وجہ سے اس سال امتحانات منعقد نہیں ہوئے بلکہ طلبہ و طالبات کو پروموٹ کرنے کی حکومتی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے تمام طلبہ و طالبات کو گیارہویں جماعت کے حاصل کردہ نمبروں کے مطابق بارہویں جماعت کے پرچوں میں نمبر دیے گئے ہیں ساتھ ہی بارہویں جماعت کے پرچوں میں 3 فیصد اضافی نمبرز بھی دیے گئے ہیں۔

ناظم امتحانات شجاعت ہاشمی نے نتائج کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ انٹرمیڈیٹ کامرس ریگولر گروپ کے سالانہ امتحانات 2020 میں 99 امیدوار اے ون گریڈ، 1066 اے گریڈ، 3609 بی گریڈ، 5009 سی گریڈ، 13843 ڈی گریڈ جبکہ 20171 امیدوار ای گریڈ میں کامیاب قرار پائے۔

یاد رہے کہ اس سال پروموٹ پالیسی کے مطابق طلبہ و طالبات کو پوزیشن نہیں دی گئی، نتائج اعلان کے فوری بعد ہی بورڈ کی ویب سائٹ www.biek.edu.pk پر اپ لوڈ کردیے گئے ہیں، امیدوار اپنے مجموعی نمبر اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کی آفیشل اینڈرائڈ ایپ پر بھی دیکھ سکتے ہیں اس اینڈرائڈ ایپ کو گوگل پلے اسٹور پر BIEK کے نام سے تلاش کرکے موبائل میں انسٹال کیا جاسکتا ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔