ترکی میں ہولناک زلزلے کے بعد 100 سے زائد آفٹر شاکس، ہلاکتیں 35 ہوگئیں

ویب ڈیسک  ہفتہ 31 اکتوبر 2020
زلزلے سے چار مقامات پر 20 عمارتیں زمین بوس ہوگئیں، فوٹو : فائل

زلزلے سے چار مقامات پر 20 عمارتیں زمین بوس ہوگئیں، فوٹو : فائل

ازمیر: ترکی کے ساحلی شہر ازمیر میں ہولناک زلزلے کے بعد سے 100 سے زائد آفٹر شاکس آئے ہیں جب کہ 20 سے زیادہ عمارتیں گرنے کی وجہ سے ملبے تلے دب کر ہلاک ہونے والوں کی تعداد 35 ہوگئی ہے جب کہ 823 سے زائد افراد زخمی ہیں۔ 

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ روز ترکی کے ساحلی شہر ازمیر اور یونان کے جزیرے ساموس میں 7.0 شدت کے زلزلے نے صرف ازمیر میں چار مقامات پر 20 عمارتوں کو شدید نقصان پہنچایا تھا اور کئی عمارتیں مکمل طور پر منہدم ہوگئی تھیں۔

ترکی میں عمارتوں کے ملبے سے 140 افراد کو زندہ نکالا گیا جب کہ 800 سے زائد زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہےبجہاں 35افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی گئی ہے۔ زخمیوں میں سے درجنوں کی حالت نازک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں : ترکی اور یونان میں زلزلہ، 14 افراد جاں بحق اور 20 سے زائد عمارتیں زمین بوس

دوسری جانب یونان کے جزیرے جاموس میں بھی ایک عمارت کے گرنے کی وجہ سے ایک لڑکی اپنی ماں سمیت ملبے تلے دب کر ہلاک ہوگئی جب کہ متعدد افراد زخمی ہیں تاہم یونان میں ترکی کے مقابلے میں جانی و مالی نقصان کم ہوا ہے۔

ادھر ترکی میں ہلاکت خیز زلزلے کے بعد 100 سے زائد آفٹر شاکس محسوس کیے گئے ہیں جس کی وجہ سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا رہا۔ انتظامیہ نے کسی بھی نقصان کے پیش نظر پہلے ہی متاثرہ علاقوں کی عمارتوں کو خالی کرالیا تھا۔

 

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔