نامور گلوکار استاد راحت فتح علی خان نے ایک اور اعزاز حاصل کرلیا

قیصر افتخار  منگل 3 نومبر 2020
یہ جان کر خوشی ہوئی کہ ئوٹیوب پر میرے 5 ملین سبسکرائب ہوگئے ہیں، راحت فتح علی خان

یہ جان کر خوشی ہوئی کہ ئوٹیوب پر میرے 5 ملین سبسکرائب ہوگئے ہیں، راحت فتح علی خان

لاہور: پاکستان کے نامور گلوکار استاد راحت فتح علی خان یوٹیوپ پر 5 ملین سبسکرائبر پانے والے پہلے قومی فنکار بن گئے ہیں۔

سُروں کے سُلطان استاد راحت فتح علی خان پہلے پاکستانی فن کار بن گئے جن کے یُو ٹیوب پر 50 لاکھ سبسکرائبر ہوگئے ہیں  جب کہ بھارت میں وہ اس دوڑ میں تیسرے نمبر پر ہیں۔

استاد راحت فتح علی خان کو  اس سے قبل موسیقی کے شعبے میں آکسفورڈ یونیورسٹی سے ڈاکٹریٹ کی ڈگری ملنے کا اعزاز بھی حاصل ہے، 26 جون 2019 کو لندن میں ایک بہت بڑی تقریب میں دنیا بھر میں قوالی کے فن کو فروغ دینے اور نمایاں خدمات انجام دینے پر عالمی شہرت یافتہ آکسفورڈ یونی ورسٹی نے ڈاکٹریٹ کی ڈگری سے نوازگیا تھا۔

اس حوالے سے راحت فتح علی خان کا کہنا تھا کہ میں اپنی کامیابیوں کو اپنے خاندان اور ٹیم کے نام کرتا ہوں اور اس میں سلمان احمد کی کاوشیں بھی شامل ہیں، میں نئی نسل کا بھی بے حد مشکور ہوں، جو سوشل میڈیا پر میرے گیتوں کو شہرت اور مقبولت کے آسمان پر پہنچا دیتے ہیں، مجھے یہ جان کر بے حد خوشی ہوئی ہے کہ ئوٹیوب پر میرے  چینل کے 50  لاکھ سبسکرائب ہوگئے ہیں۔

اس موقع پر اپنے استاد کو یاد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ استاد نصرت فتح علی خان عظیم پاکستانی قوال، موسیقار اور گلوکار تھے، میرے والد فرخ علی خان اور تایا مبارک علی خان اپنے وقت کے مشہور قوال تھے، ہمارا خاندان 600 سال سے فنِ موسیقی کی خدمت کررہا ہے، استاد نصرت فتح علی خان نے اپنی تمام عمر قوالی اور موسیقی کے فن کو فروغ  دینےاور اسے مشرق و مغرب میں مقبول عام بنانے میں صرف کردی تھی، موسیقی سے ہمارا خاندانی عشق ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔