عمران خان بتائیں پختونخوا میں کیا تبدیلی آئی پرویز رشید

سربراہ تحریک انصاف وعدہ کریں کہ آئندہ ہفتے نیٹو ممالک میں چند ہ لینے نہیں جائیںگے


INP December 23, 2013
سربراہ تحریک انصاف وعدہ کریں کہ آئندہ ہفتے نیٹو ممالک میں چند ہ لینے نہیں جائیںگے۔ فوٹو: فائل

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ محاذ آرائی اور تنائو کی سیاست جمہوریت اور پارلیمنٹ کے مفاد میں نہیں، ہم تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں۔

ملک میں مہنگائی احتجاجی دھرنوں اور مظاہروں سے کم نہیں ہوسکتی، حکومت مہنگائی کے سد باب کیلیے اقدامات کررہی ہے قیمتیں مزید نیچے آئیںگی، تحریک انصاف کی ریلی اور احتجاج کے مقاصد مہنگائی کم کرانا نہیں بلکہ کچھ اور ہیں، ہم نے مہنگائی کو کم کیا، لاہور میں میٹرو بس سمیت دیگر منصوبے تشکیل دیے، عمران خان اس کا کریڈٹ کس کو دیںگے؟عمران خان وعدہ کریں کہ آئندہ ہفتے نیٹو ممالک میں چند ہ اکٹھا کرنے کیلیے نہیں جائیںگے، قوم کو بتائیں کہ پختونخوا میں 6 ماہ کے دوران کیا تبدیلی آئی؟تحریک انصاف دھرنوں او ر احتجاج کے بجائے اپنے خدشات پارلیمنٹ میں لائے اور مہنگائی کے خاتمے کیلیے مثبت تجاویز دے۔

 photo 5_zps61620b38.jpg

اتوار کو لاہور میں تحریک انصاف کے احتجاج کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہاکہ عمران خان کو قوم سے جھوٹ کے بجائے سچ بولنا چاہیے اور قوم کو سچ سچ بتائیں کہ نیٹو سپلائی کیوں روک رہے ہیں اور کیا وہ آئندہ ہفتے نیٹو ممالک سے چندہ اکٹھا کرنے کیلیے نہیں جائیںگے؟۔ انھوںنے کہاکہ ملک محاذ آرائی اور تنائو کی سیاست کا متحمل نہیں بلکہ ملک کو اس وقت اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت ہے لیکن عمران خان انتشار کی سیاست کر رہے ہیں۔ ایک سوال پر ان کاکہنا تھاکہ تحریک انصاف کے احتجاجی دھرنے اور مظاہرے مہنگائی کم کرنے کیلیے نہیں بلکہ مقاصد کچھ اور ہیں لیکن ان کے یہ مقاصد کامیاب نہیںہوںگے اور ہم ملک میں جمہوریت کو مضبوط بنائیں گے۔