روسی فوجی اہلکار کی اپنے ہی ساتھیوں پر فائرنگ 3 اہلکار ہلاک

سینیئر پر حملہ کرنے والے مشتبہ اہلکار نے خود کو کمرے میں بند کرلیا ہے


ویب ڈیسک November 09, 2020
نوجوان نے تربیت کے دوران معائنے کے لیے آنے والی ٹیم پر فائرنگ کردی، فوٹو : فائل

روس کے شہر ورونیژ میں قائم فوجی اڈے پر ایک روسی فوجی نے اپنے 3 ساتھیوں کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق روس کے ایک فوجی اڈے میں جوانوں کو تربیت دینے کے دوران افسران کی ٹیم معائنہ کر رہی ہے کہ ایک جوان نے فائرنگ کرکے اپنے 3 سینیئرز کو ہلاک کردیا۔

روسی فوج کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یونٹ کمانڈز واقعے کی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر تحقیقات کر رہے ہیں۔ ایک مشتبہ اہلکار نے خود کو کمرے میں بند کرلیا ہے جس سے مذاکرات کی کوشش کی جارہی ہے۔

روس میں تربیت کے دوران فائرنگ کے واقعات میں افسران کی ہلاکت کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے، ملک میں 18 سے 27 سال کی عمر کے نوجوانوں کو لازمی فوجی تربیت لینی اور کچھ عرصے خدمات انجام دینی ہوتی ہے۔

لازمی فوجی تربیت کے لیے جبری بھرتی سے بچنے کے لیے کئی نوجوان مختلف حربے استعمال کرتے ہیں تاہم جو تربیت کے لیے راضی ہوجاتے ہیں وہ بے جا مشقت اور بلا ضرورت کی ورزشوں سے ذہنی دباؤ کا شکار ہوجاتے ہیں۔