وزارت آئی ٹی میں کرپٹ عناصرکیلیے جگہ نہیںانوشہ رحمن

پی سی بی وای جی ڈی منصوبوں میں بے ضابطگیوں کے مرتکب عناصر کیخلاف کارروائی کاانتباہ


Numainda Express December 24, 2013
دونوں محکموں کو صرف سودمند اور اہم انفارمیشن ٹیکنالوجی پراجیکٹس جاری رکھنے کی ہدایت فوٹو: فائل

KARACHI: وزیر مملکت انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمٰن نے کہا ہے کہ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی میں کرپٹ عناصر کی کوئی جگہ نہیں، ملوث افراد کو اپنی بدعنوانیوں کے نتائج بھگتنا ہونگے۔

گزشتہ روزجاری اعلامیے کے مطابق وزیرمملکت نے اگست 2013 میں پاکستان کمپیوٹر بیورو اور الیکٹرانک گورنمنٹ ڈپارٹمنٹ کے تحت جاری پی ایس ڈی پی کے منصوبوں کا جائزہ لیا تو بہت ساری سنگین بے ضابطگیاں اور منصوبوں میں غیرضروری تاخیر سامنے آئی تھی۔ انھوں نے کہا کہ ماضی میں پی سی بی اور ای جی ڈی نے اپنا انحصار سافٹ ویئر کی ترویج کے بجائے ہارڈویئر کی پروکیورمنٹ پر رکھا۔ انہوں نے پاکستان کمپیوٹر بیورو اور الیکٹرانک گورنمنٹ ڈپارٹمنٹ کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ صرف سودمند اور اہم آئی ٹی منصوبوں کو جاری رکھیں۔

 photo 7_zps95176796.jpg

وزیر مملکت نے ان منصوبوں کی مفصل اندرونی جانچ پڑتال کا حکم دیا تا کہ مالی بے ضابطگیوں اور انتظامی نقائص کا پتا چلایا جا سکے، نتیجتا ان منصوبوں کی مفصل اندرونی جانچ پڑتال کی گئی، اس سلسلے میں وفاقی سیکریٹری آئی ٹی اخلاق احمد تارڑ نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی میں ایک اجلاس طلب کیا جس میں ان اندرونی آڈٹ رپورٹ کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے انکوائری کمیٹی تشکیل دی جو اس آڈٹ رپورٹ کی روشنی میں ملوث ذمے داران کا تعین کرے گی جو کسی نہ کسی طرح اس منصوبے کے ساتھ وابستہ رہے تاکہ ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق تادیبی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔