مسلم لیگ (ن) کے سابق رکن قومی اسمبلی غفار ڈوگر کرپشن کے الزام میں گرفتار

ویب ڈیسک  اتوار 15 نومبر 2020
اینٹی کرپشن پولیس نے غفار ڈوگر کو گرفتار کرنے کے بعد تفتیش شروع کردی فوٹو: فائل

اینٹی کرپشن پولیس نے غفار ڈوگر کو گرفتار کرنے کے بعد تفتیش شروع کردی فوٹو: فائل

ملتان: اینٹی کرپشن پولیس نے مسلم لیگ (ن) کے سابق رکن قومی اسمبلی غفار ڈوگر کو کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزام میں گرفتار کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ملتان میں اینٹی کرپشن پولیس نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی غفار ڈوگر کو گرفتار کرلیا ہے۔ غفار ڈوگر کو علی الصبح ان کے گھرسے گرفتار کیا گیا۔

ذرائع اینٹی کرپشن پولیس کا کہنا ہے کہ غفار ڈوگر کے خلاف ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال کا ریفرنس بھجوایا گیا تھا۔ غفار ڈوگر کو گرفتار کرنے کے بعد تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

مریم نواز نے غفار ڈوگر کی گرفتاری پر اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ جلسے پہلے بھی ہوتے آئے ہیں اور انشاءاللہ ملتان کا جلسہ بھی اپنے مقررہ وقت پر ہوگا، کٹھ پتلی اور سلیکٹڈ حکومت جتنےاوچھے ہتھکنڈےاستعمال کرلے یہ ہمارے کارکنوں کے جذبے، ہمت اور حوصلے کو پست نہیں کرسکتے، عبدالغفار ڈوگر کا جرم یہی ہےکہ وہ نواز شریف  کے بیانیے کا علم بلند کیے ہوئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔