چین کے تمام دیہی علاقوں سے غربت کا مکمل خاتمہ کر دیا گیا

ویب ڈیسک  منگل 24 نومبر 2020
چین نے دسمبر 2020 تک ملک سے غربت کے مکمل خاتمے کا ہدف متعین کیا تھا جو ایک ماہ پہلے ہی حاصل کرلیا گیا ہے۔ (فوٹو: چائنا میڈیا گروپ)

چین نے دسمبر 2020 تک ملک سے غربت کے مکمل خاتمے کا ہدف متعین کیا تھا جو ایک ماہ پہلے ہی حاصل کرلیا گیا ہے۔ (فوٹو: چائنا میڈیا گروپ)

بیجنگ: چین نے اپنے مقررہ ہدف سے ایک ماہ قبل یعنی 23 نومبر کو ملک کی تمام دیہی کاؤنٹیز سے غربت کا مکمل خاتمہ کر دیا ہے۔ اس حوالے سے صوبہ گوئی جو میں غربت سے دوچار آخری نو کاؤنٹیز کو بھی غربت سے نجات دلاتے ہوئے انسداد غربت کے ہدف کی تکمیل کی گئی ہے۔

گزشتہ ہفتے ہی غربت کے شکار صوبوں اور خوداختیار علاقوں میں حکام نے جامع جائزوں کے بعد اپنے اپنے علاقوں سے غربت کے خاتمے میں کامیابی کے اعلانات کیے تھے۔

ان میں سنکیانگ اویغور خود اختیار علاقہ، ننگ شیاہ ہوئی خود اختیار علاقہ، گوانگ شی چوانگ خود اختیار علاقہ، صوبہ سی چھوان، صوبہ یوئنان اور صوبہ گانسو شامل ہیں۔ صوبہ گوئی جو وہ آخری مقام تھا جہاں انسداد غربت میں حتمی فتح حاصل کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ چین نے رواں برس 2020 تک ملک سے غربت کے مکمل خاتمے کا ہدف متعین کیا تھا۔ چین میں خطِ غربت کا پیمانہ سالانہ 2300 یوان یا ایک ڈالر یومیہ سے کچھ کم ہے۔

تاہم یہ بات قابل ذکر ہے کہ اس پیمانے کو سالانہ بنیادوں پر ترتیب دیا گیا ہے جس میں دیہی علاقوں میں مہنگائی کے دباؤ جیسے عوامل شامل رہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔