کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی، نیوزی لینڈ کی پاکستانی کرکٹرز کو آخری وارننگ

محمد یوسف انجم  جمعرات 26 نومبر 2020
متعدد پاکستانی کرکٹرز آئسولیشن کے لیے وضع کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد نہیں کر رہے، میڈیا رپورٹس

متعدد پاکستانی کرکٹرز آئسولیشن کے لیے وضع کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد نہیں کر رہے، میڈیا رپورٹس

 لاہور: کوویڈ پروٹوکول کی خلاف ورزی پر وزارت صحت نیوزی لینڈ نے قومی کرکٹ ٹیم کو آخری وارننگ جاری کردی۔

نیوزی لینڈ میں موجود پاکستانی ٹیم کو کوویڈ پروٹوکول کی خلاف ورزی پر نیوزی لینڈ کی وزارت صحت کی جانب سے آخری وارننگ جاری کردی گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق متعدد پاکستانی کرکٹرز نے آئسولیشن کے لیے وضع کردہ ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد نہیں کیا۔

کرائسٹ چرچ میں جس ہوٹل میں پاکستانی کرکٹر موجود ہیں، اس کے راہداری میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے انہیں خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا۔ قومی کرکٹرز نے بغیر ماسک کھانا وصول کیا اور کمرے کے دروازے کھول کر ایک دوسرے سے گپ شپ کرتے دکھائی دیے۔

نیوزی لینڈ کی وزارت صحت کی جانب سے لکھے گئے اس وارننگ لیٹر میں تمام کھلاڑیوں اور ٹیم انتظامیہ کو اپنے کمروں تک محدود رہنے اور کوویڈ پروٹوکول پر سختی سے عملدرآمد کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کو بھی کہا گیا ہے کہ وہ اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرے جب کہ جن کرکٹرز کا کورونا ٹیسٹ پازیٹو آیا ہے ان کی اب 4 بار ٹیسٹنگ ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔