صحت مند رہنے کیلیے صرف 12 منٹ کی جسمانی مشقت بھی کافی ہے، تحقیق

ویب ڈیسک  جمعـء 27 نومبر 2020
صرف چند منٹ کی سخت جسمانی مشقت بھی گھنٹوں کی ورزش جتنی ہی مفید ہوتی ہے۔ (فوٹو: فائل)

صرف چند منٹ کی سخت جسمانی مشقت بھی گھنٹوں کی ورزش جتنی ہی مفید ہوتی ہے۔ (فوٹو: فائل)

بوسٹن: جسمانی مشقت بشمول ورزش کے نت نئے فائدے سامنے آتے جارہے ہیں؛ اور اب امریکی سائنسدانوں نے دریافت کیا ہے کہ اگر روزانہ صرف 12 منٹ کی سخت جسمانی مشقت یا ورزش کی جاتی رہے تو بیک وقت کئی بیماریوں سے محفوظ رہتے ہوئے صحت مند رہا جاسکتا ہے۔

ریسرچ جرنل ’’سرکولیشن‘‘ کے ایک حالیہ شمارے میں آن لائن شائع ہونے والی میں 411 ادھیڑ عمر رضاکار شامل کیے گئے تھے جن میں سے ہر ایک سے 12 منٹ تک تیزی سے سائیکل چلوائی گئی اور اس کے فوراً بعد ان کے جسموں میں ’’میٹابولائٹس‘‘ کہلانے والے مادّوں کی 588 اقسام کا جائزہ لیا گیا۔

بتاتے چلیں کہ میٹابولائٹس وہ مادّے ہوتے ہیں جو خلیوں میں غذائی اجزاء کے جذب ہونے (یعنی خلوی ہاضمے) کےلیے ضروری ہوتے ہیں یا پھر اس عمل کے دوران وجود میں آتے ہیں۔ ان میں بے ضرر، مفید اور نقصان دہ، ہر طرح کے میٹابولائٹس شامل ہیں۔

یہ خبر بھی پڑھیے: صرف چند منٹ کی واک بھی دماغ کے لیے مفید قرار

جسم میں ان ہی میٹابولائٹس کی مقدار دیکھ کر صحت کے بارے میں بخوبی معلوم کیا جاسکتا ہے۔

ہارورڈ میڈیکل اسکول کے سائنسدانوں کی قیادت میں مذکورہ تحقیق سے انکشاف ہوا ہے کہ صرف 12 منٹ تک سخت قسم کی ورزش یا جسمانی مشقت کے نتیجے میں صحت کو نقصان پہنچانے والے میٹابولائٹس کی مقدار 80 فیصد تک کم ہوجاتی ہے جن میں ذیابیطس، اعصابی تناؤ، ہائی بلڈ پریشر، امراضِ قلب اور کینسر تک وجہ بننے والے میٹابولائٹس شامل ہیں۔

یہ خبر بھی پڑھیے: جسمانی اور دماغی صحت کے درمیان مضبوط تعلق کا انکشاف

تھوڑی دیر کی جسمانی مشقت کے نتیجے میں جگر کی بیماری اور ذیابیطس کے مشترکہ سبب کا درجہ رکھنے والا میٹابولائٹ ’’ڈی ایم جی وی‘‘ 18 کم ہوگیا جبکہ ’’گلوٹامیٹ‘‘ قسم کے مضر میٹابولائٹس کی مقدار میں 29 فیصد تک کمی نوٹ کی گئی۔ میٹابولائٹس کی یہ قسم اعصابی تناؤ، بلڈ پریشر، دل کی بیماریوں اور ذیابیطس تک کی بڑی وجوہ میں شامل کی جاتی ہے۔

آسان الفاظ میں اس تحقیق سے حاصل شدہ نتائج کا مطلب یہ ہے کہ اگر آپ صحت مند رہنا چاہتے ہیں تو ضروری نہیں کہ روزانہ کئی کئی گھنٹے ورزش کی جائے، بلکہ تقریباً ویسے ہی فوائد آپ صرف چند منٹ کی سخت ورزش یا جسمانی مشقت سے بھی حاصل کرسکتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔