شریف برادران کی والدہ جاتی امرا میں سپرد خاک

ویب ڈیسک  ہفتہ 28 نومبر 2020
بیگم شمیم اختر کی نماز جنازہ علامہ راغب نعیمی ادا کروائیں گے فوٹو: فائل

بیگم شمیم اختر کی نماز جنازہ علامہ راغب نعیمی ادا کروائیں گے فوٹو: فائل

لاہور  : نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر کو جاتی امرا میں سپرد خاک کردیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق بیگم شمیم اختر کا جسد خاکی ہفتے کی صبح خصوصی پرواز کے ذریعے لندن سے لاہور لایا گیا تھا، شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے ان کا جسد خاکی وصول کیا۔ بعد ازاں ان کی میت کو شریف میڈیکل سٹی کے سرد خانے میں رکھا گیا۔

بعد نماز ظہر شریف میڈیکل سٹی کے گراؤنڈ میں بیگم شمیم کی نماز جنازہ ادا کی گئی، معروف عالم دین علامہ راغب نعیمی نے مرحومہ کی نماز جنازہ پڑھائی، نماز جنازہ میں بڑی تعداد میں سیاسی رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔ بیگم شمیم کو جاتی امرا میں ہی سپرد خاک کیا گیا، جہاں مرحوم شوہر میاں شریف، بیٹے عباس شریف کا مرحومہ بہو کلثوم نواز بھی آسودہ خاک ہیں۔

واضح رہے کہ بیگم شمیم اختر اتوار 22 نومبر کی صبح لندن میں انتقال کر گئی تھیں۔ ان کی نماز جنازہ گزشتہ روز لندن میں ادا کی گئی جس میں نواز شریف، سلیمان شہباز، عابد شیر علی، ناصر جنجوعہ، ڈاکٹر اشرف چوہان، ناصر بٹ اور دیگر شامل تھے، نماز جنازہ کے بعد میت کو پاکستان بھجوایا گیا تھا۔ بیگم شمیم اختر کی تدفین میں شرکت کے لیے انسانی ہمدردی کے تحت شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو پرول پر رہا کیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔