کراچی اور دیگر بڑے شہروں میں خودمختار بلدیاتی نظام لارہے ہیں، وزیراعظم

ویب ڈیسک  جمعـء 4 دسمبر 2020
ایسا قانون لارہے ہیں جوغلط کام کرے گا اس کا تبادلہ نہیں بلکہ نوکری سے فارغ کریں گے، وزیراعظم

ایسا قانون لارہے ہیں جوغلط کام کرے گا اس کا تبادلہ نہیں بلکہ نوکری سے فارغ کریں گے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کراچی اور دیگر بڑے شہروں میں خودمختار بلدیاتی نظام لا رہے ہیں جس کے تحت ان شہروں میں ایسی حکومت قائم ہوگی جو صوبے کی طرح کام کرے گی۔

اسلام آباد میں پاکستان سیٹیزن پورٹل تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اس پورٹل میں سب سے بڑا مسئلہ یہ سامنے آیا ہے کہ ہمارے ملک میں لوکل گورنمنٹ سسٹم ٹھیک نہیں چل رہے، ہم نئی طرح کا لوکل گورنمنٹ سسٹم لارہے ہیں جس میں فنڈز نچلی سطح تک جائیں گے اور لوگوں کے مسائل شہری حکومت حل کرے گی، کراچی اور دیگر بڑے شہروں میں خودمختار بلدیاتی نظام لا رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پرائم منسٹرسٹیزن پورٹل ٹیم کوخراج تحسین پیش کرتا ہوں، آزادی کے بعد حکومت کرنے والوں کی ذہنیت تبدیل نہیں ہوئی، غلاموں کے وہ حقوق نہیں ہوتے جو آزاد شہری کے ہوتے ہیں، 30 لاکھ لوگوں نے سٹیزن پورٹل کا استعمال کیا، اوورسیز پاکستانی جو ہمارا اثاثہ ہیں، انہوں نے اس پورٹل کا بھرپور استعمال کیا۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم سٹیزن پورٹل کومزیدبہتراور مضبوط کریں گے، سندھ اور پنجاب میں ضلع کی سطح پر کرپشن سے لوگ بہت تنگ ہیں، کوئی اے سی، ڈی سی یا تھانے دار تنگ کرے تو لوگ سٹیزن پورٹل پرشکایت کریں، ایسا قانون لارہے ہیں جوغلط کام کرے گا اس کا تبادلہ نہیں کریں گے، نوکری سے فارغ کیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔