زمینوں پر قبضوں کے الزام میں وحید گل، رانا مبشر اور سیف الملوک کے فرنٹ مینوں پر مقدمات

طالب فریدی  ہفتہ 5 دسمبر 2020
لاہور کی ضلعی انتظامیہ اور اینٹی کرپشن پنجاب بااثر قبضہ مافیا کے خلاف سرگرم

لاہور کی ضلعی انتظامیہ اور اینٹی کرپشن پنجاب بااثر قبضہ مافیا کے خلاف سرگرم

لاہور کی ضلعی انتظامیہ اور اینٹی کرپشن پنجاب بااثر قبضہ مافیا کے خلاف سرگرم ہوگئے۔

مسلم لیگ ن کے موجودہ ایم این اے رانا مبشر، سابق ایم پی اے وحید گل ، چیئرمین یونین کونسل مبین داؤد، افضل اور مبشر اینٹی کرپشن کے ریڈار پر آگئے۔

ڈپٹی کمشنر مدثر ریاض نے لاہور کے بڑے قبضہ مافیا کے خلاف چار نئے ریفرنس ڈی جی اینٹی کرپشن کو بھجوا دیے۔ ڈی سی نے زمینوں پر قبضے اور سرکاری فیسوں کی مد میں سرکار کو اربوں کا نقصان پہنچانے پر اس گھناؤنے کھیل میں ملوث سرکاری افسران اور مفاد کنندگان کے خلاف مقدمات درج کرنے کی درخواست کردی۔

اینٹی کرپشن نے ڈپٹی کمشنر کے ریفرنس پر وحید گل، رانا مبشر اور سیف الملوک کھوکھر کے فرنٹ مینوں پر چار مختلف مقدمات درج کر کے ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے شروع کر دیے۔

مسلم لیگ ن کے سابق ایم پی اے سیف الملوک کھوکھر، وحید گل اور رانا مبشر اپنے اپنے فرنٹ مینوں کے ذریعے سرکاری املاک پر قبضہ اور جعل سازی سے خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچانے میں پیش پیش ہیں۔

سیف الملوک کھوکھر نے اپنے فرنٹ مین یو سی چیرمین مبین داؤد، مبشر ،افضل خان کی مدد سے 80کنال اراضی پر قبضہ کیا جو پارسی خاندان کی تھی اور کراچی کے عیدالڈینشا جی کی 1914میں وفات کے بعد اولاد نہ ہونے کی وجہ سے لاوارث ہوگئی۔

ملک سیف الملوک کے فرنٹ مینوں نے محکمہ مال کی ملی بھگت سے جعلی وارث بناکر 2015 میں اپنے اپنے نام ٹرانسفر کرا لی۔ ملک سیف الملوک کھوکھر کے قبضہ میں یہ 80 کنال انتہائی قیمتی اراضی نزول لینڈ قرار دیکر بحق سرکار ضبط کر لی گئی ہے اور ملزمان سے تاوان کی وصولی یقینی بنائی جائے گی۔

سابق ایم پی اے وحید گل کا فرنٹ مین نواب پورہ کا رہائشی پراپرٹی ڈیلر محمد طارق اور کاروباری شراکت دار محمد نصراللہ ہے۔ طارق نے ہربنس پورہ کے علاقے نواب پورہ میں اربوں روپے کی سرکاری زمین پر مدینہ پیلس، نواب پیلس مارکیز سمیت غیر قانونی دفتر بنا رکھا ہے۔

ملزم طارق تاوان اور سرکاری فیس کی مد میں 1 کروڑ 37 لاکھ سے زائد کا نادہندہ بھی ہے۔ وحید گل کے فرنٹ مین اور کاروباری شراکت دار محمد نصراللہ نے ہربنس پورہ کے علاقے میں 7 کنال سے زائد اربوں روپے مالیت کی سرکاری زمین پر غیر قانونی اسپیئر پارٹس فیکٹری بنا رکھی ہے۔

ملزم نصراللہ 35 لاکھ روپے سرکاری تاوان کا نادہندہ بھی ہے۔ موجودہ ایم این اے رانا مبشر احمد کا فرنٹ مین محمد بوٹا لاہور کینٹ کے علاقے موضع دھلا گُلا میں اربوں روپے مالیت کی 64 کنال سے زائد سرکاری زمین پر قابض ہے۔

محمد بوُٹا 21 لاکھ 61 ہزار سے زائد سرکاری تاوان کا نادہندہ بھی ہے۔ اینٹی کرپشن حکام کا عزم ہے کہ کرپٹ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کاروائیاں جاری رہیں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔