پاکستان میں تمباکو نوشی سے سالانہ اموات میں اضافہ ہوا، پاکستان نیشنل ہارٹ ایسوسی ایشن

خبر نگار خصوصی  ہفتہ 5 دسمبر 2020
پاکستان میں تمباکو نوشی کرنے والوں کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے فوٹو: فائل

پاکستان میں تمباکو نوشی کرنے والوں کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے فوٹو: فائل

 اسلام آباد: پاکستان نیشنل ہارٹ ایسوسی ایشن کے جنرل سکریٹری ثناء اللہ گھمن کا کہنا ہے کہ پاکستان میں تمباکو نوشی کرنے والوں کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے جس سے پاکستان میں صحت کے بنیادی ڈھانچے پر بڑھتا ہوا بوجھ اور سالانہ اموات میں اضافہ ہوا ہے۔

اپنے بیان میں ثناء اللہ گھمن کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سگریٹس کی 3 بڑی کمپنیوں نے رواں مالی سال میں بڑے پیمانے پر سہ ماہی منافع کمایا ہے اور اپنے مقامی اور بین الاقوامی حصص یافتگان کو لاکھوں روپے ادا کیے ہیں جب کہ مصنوعات پر ٹیکس کی وصولی بدستور کم ظاہر کی گئی ہے۔ پاکستان میں تمباکو بنانے والے بڑے صنعت کاروں نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے عہدیداروں کی ملی بھگت سے ٹیکسوں سے چھوٹ حاصل کی۔ یہ کمپنیاں عوام اور پالیسی سازوں کو اپنے حصص یافتگان کو فائدہ پہنچانے کے لئے بے بنیاد اور حقیقت میں غلط ڈیٹا پیش کرتی ہیں تاکہ اپنے منافع کو مستحکم کریں اور اپنے اسٹیک ہولڈرز کا منافع یقینی بنایا جائے۔

ثناء اللہ گھمن کا کہنا تھا کہ سگریٹ بنانے والی کمپنیوں کے منافع سے واضح طور پر ظاہر ہوتا ہے کہ تمباکو نوشی کرنے والوں کی تعداد پاکستان میں تیزی سے بڑھ رہی ہے، جس سے پاکستان میں صحت کے بنیادی ڈھانچے پر بڑھتا ہوا بوجھ اور سالانہ اموات میں اضافہ ہوا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔