خوابوں کی تعبیر

فائزہ مشتاق عظیمی  اتوار 20 دسمبر 2020
آپ کے خوابوں کی تعبیریں جانیے۔ فوٹو : فائل

آپ کے خوابوں کی تعبیریں جانیے۔ فوٹو : فائل

زلزلہ آتے دیکھنا
خالدہ بیگم، لاہور

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے گھر کے اندر ہوں اور بڑے زور کا زلزلہ آتا ہے جس سے یوں لگا جیسے ہمارا گھر بھی ابھی گر جائے گا ۔ پھر میری آنکھ کھل گئی۔ مجھے بتائیں کہ اس خواب کی کیا تعبیر ہے ۔

تعبیر : اس خواب سے اندازہ ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی پریشانی کا سامنا ہو سکتا ہے۔ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور ہر نماز کے بعد کثرت سے استغفار پڑھا کریں ۔ ممکن ہو تو حسب استطاعت صدقہ کریں ۔

فوت ہو جانا
انیلا بٹ ، سیالکوٹ

خواب : میں اکثر خواب میں خود کو مردہ دیکھتی ہوں ۔ اس کے علاوہ مجھے عام حالات میں بھی یہی وہم ستاتے رہتے ہیں اور ہر وقت ایسا  ہی سوچتی رہتی ہوں ۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے آپ کی زندگی میں اگر بیمار ہیں تو شفاء نصیب ہو گی ۔ پریشانیاں و غم دور ہوں گے ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔

شوہر کے ساتھ بازار جانا
ناہید ، لاہور

خواب : میں نے دیکھا کہ میں اور میرے میاں بازار گئے ہیں اور وہاں پھل والے کی دوکان سے پھلوں کے جوس کا ایک گلاس پیتے ہیں ۔ پھر اس کے بعد میری آنکھ کھل جاتی ہے ۔

تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی رحمت و کرم سے آرام و سکون میسر ہو گا ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا رزاق کا ورد کیا کریں ۔

ٹرین میں سفر کرنا
خالد احمد، لاہور

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں ایک ٹرین میں سفر کر رہا ہوں اور ریل ایک سٹیشن پہ رکتی ہے ۔ میں جلدی سے اپنا سامان اٹھاتا ہوں اور گاڑی سے اتر جاتا ہوں ۔

تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے اگر کوئی بیمار ہے تو شفا ملے گی ۔ کاروباری یا تعلیمی معاملات میں آسانی ہو گی ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔

زعفران خریدنا
اللہ دتہ ، حجرہ شاہ مقیم

خواب : میں نے دیکھا کہ میں ایک حکیم صاحب کی دوکان پہ ہوں اور ان سے زعفران خرید کے گھر لاتا ہوں ۔گھر میں والد صاحب کو دیتا ہوں ۔ اس کے بعد مجھے خواب یاد نہیں ۔

تعبیر : اچھا خواب ہے اور اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ کے فضل سے بزرگی میں اضافہ ہو گا ۔ کاروباری و تعلیمی معاملات میں آسانی ہو گی ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں ۔ اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔

کھیتوں کو پانی دینا
راشد بیگ ، لاہور

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں آدھی رات کے وقت کھیتوں کو پانی دے رہا ہوں۔ پانی دینے کے بعد میں آرام کی غرض سے ادھر ہی ایک چارپائی پہ لیٹ جاتا ہوں ۔ اس کے بعد میری آنکھ کھل گئی ۔

تعبیر: اچھا خواب ہے اور اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے آپ کی روزی میں اضافہ ہو گا ۔کاروباری و تعلیمی معاملات میں برکت و آسانی ہو گی ۔ آپ کوشش کریں کہ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔

بازار سے قینچی خریدنا
نازیہ جمال ، لاہور

خواب : میں نے دیکھا کہ میں اپنی امی کے ساتھ شاپنگ کرنے کسی بازار آئی ہوئی ہوں اور وہاں چیزیں لیتے لیتے میں ایک قینچی بھی خرید لیتی ہوں اور اپنی امی کو دے دیتی ہوں کہ اس کو سنبھال کے رکھ لیں ۔

تعبیر : خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی پریشانی کا سامنا ہو سکتا ہے۔ تعلیمی و کاروباری معاملات میں بھی رکاوٹ ہو سکتی ہے ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور ہر نماز کے بعد یا حی یا قیوم کی تسبیح پڑھا کریں ۔

جنگل میں شیر
فیاض احمد، لاہور

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں ایک پہاڑی علاقے میں ہوں اور کسی جنگل سے گزر رہا ہوں۔ وہاں مجھے ایک جھلک شیر کی دکھائی دیتی ہے ۔ جس کو دیکھ کر میں بالکل بھی نہیں ڈرتا بلکہ آگے ہو کر اس کو دیکھنے کی کوشش کرتا ہوں کہ کدھر کو جا رہا ہے ۔

تعبیر: اچھا خواب ہے اور اس بات کو ظاھر کرتا ھے کہ آپ کسی بھی مشکل کام کو اچھے طریقے سے سر انجام دے دیں گے۔ اس کے علاوہ بھی مشکلات کو تدبیر سے حل کر لیں گے ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔

چھت پر صبح کی نماز پڑھنا
منزہ بیگم ، لاہور

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے گھر کی چھت پر ہوں اور نماز پڑھ کے اوپر ہی چل رہی ہوں جیسے واک کرنے کے لئے ہم پھرتے ہیں۔ چلتے چلتے دن کی روشنی نمودار ہونے لگتی ہے اور سورج طلوع ہونے لگتا ہے۔ مجھے یہ نظارہ بہت اچھا لگتا ہے اور میں ٹکٹکی باندھ کے دیکھتی چلی جاتی ہوں ۔ جب سورج اتنا بلند ہو جاتا ہے کہ میری آنکھیں چندھیانے لگتی ہیں تو میں پیچھے ہٹ جاتی ہوں۔ اس کے بعد مجھے نہیں یاد، شائد میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر : بہت اچھا خواب ہے جو کہ اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ کی مہربانی و فضل سے جلد ہی کوئی خوشخبری ملے گی اور حلال طریقے سے رزق میں اضافہ ہو گا جس سے آپ مالی طور پر مستحکم ہوں گے۔ چاہے کاروباری وسائل ہوں یا نوکری میں آسانی۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔ ممکن ہو سکے تو حسب استطاعت صدقہ و خیرات کیا کریں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔