انڈر19 ایشیا کپپاکستان نے نیپال کو تختہ مشق بنالیا

132رنزسے کامیاب،سمیع اسلم اورحسن رضاکی سنچریاں،کامران نے4 وکٹیں لیں


Sports Desk December 29, 2013
کپتان سمیع اسلم اور حسن رضا نے سنچریاں اسکور کیں، ظفر گوہر 50رنز پر ناٹ آئوٹ رہے۔فوٹو: اے ایف پی/فائل

انڈر19 ایشیا کپ میں پاکستان نے نیپال کو تختہ مشق بنالیا، گرین شرٹس نے افتتاحی مقابلہ 132رنز کے بھاری مارجن سے جیت لیا۔

کپتان سمیع اسلم اور حسن رضا نے سنچریاں اسکور کیں، ظفر گوہر 50رنز پر ناٹ آئوٹ رہے، کامران غلام نے 4 وکٹیں لیں۔ دبئی میں گرین شرٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹ پر 311رنز بنائے، اوپنر محمد عمیر (10) کے جلد میدان بدر ہوجانے کے بعد کپتان سمیع اسلم اور حسن رضا نے سنچریاں داغ دیں، انھوں نے دوسری وکٹ کیلیے 166 رنز کی شراکت بنائی،سمیع 108 رنز بناکر میدان بدرہوئے، ان کی اننگز میں 6 چوکے اور 4 چھکے شامل رہے۔



حسن رضا نے7 چوکوں کی مدد سے 100رنز بنائے، ان کی اننگز میں ایک چھکا بھی شامل رہا، ظفرگوہر نے50 رنز ناٹ آئوٹ بنائے، للت بھنڈاری اوررام نریش گیری نے 2،2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، نیپالی ٹیم 7 وکٹ پر179رنز تک محدود رہی، امیت شریستا 60 اور سنیل دھمالا39رنز بنانے میں کامیاب رہے،عارف شیخ نے 25کی اننگز کھیلی، کامران غلام نے 36رنز کے عوض 4 وکٹیں لیں، کرامت علی نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ دیگر میچز میں بنگلہ دیش نے ملائیشیا کو 9 وکٹ سے قابو کرلیا، ناکام سائیڈ 50 رنز پر ڈھیر ہوگئی،ابوحیدر نے 5 وکٹیں لیں،فاتح ٹیم نے ہدف ایک وکٹ پر حاصل کرلیا، افغانستان نے سری لنکا اور بھارت نے یواے ای کو شکست دے دی۔