رجنی کانت نے نئی سیاسی جماعت بنانے سے معذرت کرلی

ویب ڈیسک  منگل 29 دسمبر 2020
تامل سپراسٹار نے نئے سال کے آغاز پر کرپشن سے پاک نئی سیاسی جماعت بنانے کا اعلان کیا تھا

تامل سپراسٹار نے نئے سال کے آغاز پر کرپشن سے پاک نئی سیاسی جماعت بنانے کا اعلان کیا تھا

بھارت کے مقبول ترین اداکار رجنی کانت نے اپنی نئی سیاسی جماعت بنانے سے معذرت کرلی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق تامل انڈسٹری کے سپر اسٹار اور مہنگے ترین اداکار رجنی کانت 2017 سے سیاسی سرگرمیوں میں ملوث ہیں اور انہوں نے تامل ناڈو سے کرپشن ختم کرنے کے لیے باقاعدہ ایک مہم بھی شروع کررکھی تھی تاہم وہ اپنے اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہے تھے جس کے بعد انہوں نئے سال کے آغاز پر کرپشن سے پاک اپنی سیاسی جماعت بنانے کا اعلان کیا تھا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر رجنی کانت نے سیاسی جماعت بنانے سے متعلق اپنا بیان واپس لیا اور تامل زبان میں 3 صفحات پر مشتمل ایک نوٹ لکھا جس میں وہ اب سیاسی جماعت نہیں بنارہے، اس حوالے سے وہ مداحوں سے معذرت خواہ ہیں۔

تامل سپر اسٹار نے اپنے بیان میں کہا کہ، اس فیصلے کا درد صرف میں ہی سمجھ سکتا ہوں، تاہم وہ اپنی پارٹی قائم کیے بغیر لوگوں کی خدمت کا عمل جاری رکھیں گے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ اداکار رجنی کانت کی سیاست میں انٹری، نئی جماعت بنانے کا اعلان

2 روز قبل رجنی کانت کو طبیعت خراب ہونے پر اسپتال میں داخل کردیا گیا تھا اور اب ڈاکٹرز نے انہیں مکمل آرام کی ہدایت کرتے ہوئے مسلسل بلڈ پریشر کنٹرول میں رکھنے کا کہا ہے۔ ڈاکٹرز کے مطابق کسی قسم کی سیاسی وسماجی سرگرمی ان کی طبعیت میں مزید خرابی کا باعث بن سکتی ہے لہذا انہیں صرف آرام کی ضرورت ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔