جی ہاں! ایپل اپنے کی بورڈ پر بھی ننھی اسکرین لگانا چاہتا ہے

ویب ڈیسک  جمعـء 1 جنوری 2021
ایپل نے تمام کیز پر ڈسپلے لگانے کا پیٹنٹ حاصل کیا ہے۔ فوٹو: ٹٰیکنالوجی ریویو

ایپل نے تمام کیز پر ڈسپلے لگانے کا پیٹنٹ حاصل کیا ہے۔ فوٹو: ٹٰیکنالوجی ریویو

 نیویارک: ایپل کی جانب سے ٹیکنالوجی کا ایک حقِ ملکیت (پیٹنٹ) دائر کیا گیا ہے جس کے تحت ایپل اپنے لیپ ٹاپ یعنی میک بک کی ہر کی میں ایک ڈسپلے اسکرین لگانا چاہتا ہے جس کی تفصیلات یہاں دیکھی جاسکتی ہیں۔

اس کی بورڈ پر دو طرح کے ڈسپلے لگائے جائیں گے جس سے کی لیبل کی تصاویر ظاہر ہوں گی۔ دوسری سطح پر ٹچ کا احساس دینے والے سینسر لگے ہوں گے لیکن اس کا کیا فائدہ ہوگا اور سارے کی بورڈ پر ڈسپلے لگانے سے کیا فائدہ حاصل ہوگا۔

تجزیہ کاروں کے مطابق  کی بورڈ ڈسپلے پر حروفِ تہجی کئی زبانوں کے لحاظ سے تبدیل ہوجائیں گے اور ڈسپلے پر ان کا اظہار ہوگا جس سے استعمال کرنے والے کو آسانی ہوگی۔ دوسری جانب کی بورڈ ڈسپلے، ڈیزائننگ اور گیم کھیلنے میں بھی مدد کرسکے گا۔

اگرچہ تمام ترجدتوں کے باوجود بھی کسی کمپنی نے کی بورڈ کو تبدیل کرنے کی کوشش نہیں کی لیکن ایپل پہلے بھی اس میں تبدیلی کرکے صارفین کو برہم کرچکا ہے۔ اس نے میک بک پرو کے کی بورڈ میں بنیادی تبدیلیاں کی تھیں جس سے صارفین مشکل کے شکار ہوئے اور یوں ایپل کمپنی نے یہ منصوبہ ترک کردیا تھا۔

ایپل نے اس اختراع کو ایڈاپٹووان پٹ سرفیس قرار دیا ہے اور سال 2020ء کے ماہِ نومبر میں یہ پیٹنٹ تفویض کی گئی۔ ماہرین کا خیال ہے کہ اس طرح ایک ہی کی بورڈ دنیا بھی کی درجنوں بڑی زبانوں کی کیز میں ڈھل جائے گا۔ دوسری جانب گیمنگ کے شوقین بھی اس سے فائدہ اٹھاسکیں گے۔

پیٹنٹ کے مطابق کی بورڈ کی کیز پر کم ریزولوشن کا ڈسپلے ہوگا اور انہیں آرگینک ایل ای ڈی سے روشن کیا جائے گا۔ کی بورڈ میں خاص مٹیریئل استعمال کیا جائے گا تاہم اس کی تفصیل نہیں دی گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔