ماسک کے باوجود درست شناخت کرنے والا نظام

ویب ڈیسک  جمعـء 8 جنوری 2021
یہ نظام ہوائی اڈوں وغیرہ پر شہریوں کو پہچاننے کے علاوہ مجرموں کی بہتر شناخت میں بھی استعمال کیا جاسکے گا۔ (فوٹو: انٹرنیٹ)

یہ نظام ہوائی اڈوں وغیرہ پر شہریوں کو پہچاننے کے علاوہ مجرموں کی بہتر شناخت میں بھی استعمال کیا جاسکے گا۔ (فوٹو: انٹرنیٹ)

واشنگٹن ڈی سی: امریکا کے ڈیپارٹمنٹ آف ہوم لینڈ سکیوریٹی (ڈی ایچ ایس) نے دعوی کیا ہے کہ اس نے ایسی شناختی ٹیکنالوجی تیار کروا لی ہے جس کے ذریعے کورونا وائرس سے بچاؤ کا ماسک پہننے والوں کو بھی 96 فیصد درستی سے شناخت کرسکتا ہے۔

عالمی کورونا وبا کے باعث دنیا بھر حفاظتی ماسک پہننا لازمی قرار دیا جاچکا ہے لیکن ہوائی اڈے یا ایسی دوسری جگہیں کہ جہاں داخل ہونے سے پہلے شناخت کروانا ضروری ہو، ماسک اتارے بغیر کوئی چارہ نہیں رہتا۔ لہذا ان مقامات پر کورونا پھیلنے کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔

دوسری جانب جرائم پیشہ افراد بھی ایسے ہی ماسک پہن کر کارروائی کرتے ہیں اور سی سی ٹی وی کیمرے میں نظر آجانے کے باوجود بھی انہیں شناخت نہیں کیا جاسکتا۔ جدید ترین شناختی ٹیکنالوجی ان ہی مسائل کا ایک حل ہے۔

پریس ریلیز کے مطابق، ڈی ایچ ایس نے اس ٹیکنالوجی کے تحت بنائے گئے مختلف نظاموں کی آزمائشیں کیں جو دس دن تک جاری رہیں۔

ان آزمائشوں میں 60 ممالک سے تعلق رکھنے والے 582 رضاکار شریک ہوئے جنہیں ماسک سمیت شناخت کرنا تھا۔ ان نظاموں کی بہترین کارکردگی 96 فیصد جبکہ ’’درمیانی‘‘ کارکردگی 77 فیصد معلوم ہوئی۔

ڈی ایچ ایس میں ’’بایومیٹرک اینڈ آئیڈنٹیٹی سینٹر‘‘ کے ڈائریکٹر ارون ویموری نے اعتراف کیا ہے کہ اگرچہ یہ نظام غلطیوں کے امکانات سے مکمل طور پر پاک نہیں لیکن پھر بھی یہ قابلِ استعمال ضرور ہیں جنہیں ہوائی اڈوں اور ریلوے اسٹیشن کے علاوہ حساس تنصیبات پر بھی استعمال کیا جاسکتا ہے؛ جبکہ ماسک پہنے ہوئے مجرموں کی شناخت میں بھی ان ہی نظاموں سے مدد لی جاسکتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔