بہادر شہری نے ڈاکو کو دبوچ لیا ساتھی فرار

2ڈکیت دکان میں ڈکیتی کر کے فرار ہو رہے تھے شہری نے ایک کو پکڑ لیا، راہ گیر بھی مدد کو پہنچ گئے


Staff Reporter January 15, 2021
مشتعل افراد نے ڈاکو کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا، پولیس نے بڑی مشکل سے ڈاکو کو بچا کر تھانے منتقل کیا۔ فوٹو: فائل

اورنگی ٹاؤن میں بہادر شہری نے ڈکیتی کی واردات ناکام بنا کر ڈاکو کو دبوچ لیا جبکہ ساتھی فرارہونے میں کامیاب ہو گیا۔

کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن ساڑھے گیارہ میں ہونیوالے ایک واقعے کی فوٹیج وائرل ہوئی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ موٹر سائیکل سوار 2 ڈکیت ایک دکان میں ڈکیتی کی نیت سے داخل ہوئے اور اسلحے کے زور پر لوٹ مار کے بعد فرار ہو رہے تھے کہ اسی دوران ایک شہری نے ایک ڈاکو کو دبوچ لیا۔

ڈاکو نے اپنے آپ کو چھڑانے کی بھی کوشش کی اور اس دھینگا مشتی میں دونوں دکان سے باہر آ گئے، ڈاکو نے آخری حربہ استعمال کرتے ہوئے ایک فائر بھی کیا لیکن خوش قسمتی سے گولی کسی کونہیں لگی، اس دوران راہگیر اور دیگر علاقہ مکین بھی جمع ہوگئے اور شہری کی مدد کو پہنچ گئے۔

شہریوں نے ڈاکو سے پستول چھین کر اسے تشددکا نشانہ بنا ڈالا جبکہ اس کا ساتھی رش کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور ڈاکو کو انتہائی سخت جدوجہد کے بعد مشتعل افراد کے چنگل سے نکال کر تھانے منتقل کیا، پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کررہی ہے۔