لاہور ہائی کورٹ نے بابراعظم کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا سیشن کورٹ کا حکم معطل کردیا

کورٹ رپورٹر  جمعـء 15 جنوری 2021
لاہور ہائی کورٹ نے متعلقہ ایس ایچ او  اور حامیزہ مختار کو8 فروری کیلئے نوٹس جاری کر دیئے ہیں فوٹوفائل

لاہور ہائی کورٹ نے متعلقہ ایس ایچ او اور حامیزہ مختار کو8 فروری کیلئے نوٹس جاری کر دیئے ہیں فوٹوفائل

لاہور ہائی کورٹ نے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا  سیشن کورٹ کا حکم معطل کر دیا  ہے اور متعلقہ ایس ایچ او  اور حامیزہ مختار کو8 فروری کیلئے نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔

لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس اسجد جاوید گھرال نے بابر اعظم کی درخواست پر سماعت کی جس میں  اندراج مقدمے کی درخواست پر ماتحت عدالت کے احکامات کو چیلنج کیا گیا۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان کے وکیل حارث عظمت ایڈووکیٹ نے نشاندہی کی کہ سیشن عدالت نے حقائق کے برعکس بابر اعظم کیخلاف اندراج مقدمہ کا حکم  دیا ہے۔ وکیل کے مطابق حامیزہ مختار نے بابر اعظم کو بلیک میل کرنے کیلئے  بے بنیاد درخواست دائر کی۔

وکیل کے بقول خاتون نے  2018 میں ہی بابر اعظم سے صلح کی تھی اور معاملہ ختم ہو گیا تھا۔ وکیل نے بتایا کہ پولیس نے بھی حامیزہ مختار دھمکی آمیز کالز موصول ہونے کے معاملے پر منفی رپورٹ پیش کی اور سیشن عدالت نے شواہد کے بغیر بابر اعظم کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا۔

وکیل نے استدعا کی کہ بابر اعظم کیخلاف اندراج مقدمہ کے حکم پر عملدرآمد روکا جائے اور قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان کیخلاف اندراج مقدمہ کی کارروائی غیر قانونی قرار دے کر کالعدم کی جائے۔ درخواست پر مزید سماعت 8 فروری کو ہو گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔