پاک سری لنکا ٹیسٹ میں ’او آر ایس‘کی کامیاب آزمائش

تھرڈامپائرکوٹیکنالوجی پرزیادہ رسائی مل گئی،غلطی کااحتمال نہیں رہا،کونسل آفیشل


Sports Desk January 01, 2014
جنید خان سری لنکن بیٹسمین سنگاکارا کو آئوٹ کرنے کے بعد ساتھیوں سے مبارکباد وصول کر رہے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا نیا ڈسیشن ریویو سسٹم کامیابی سے کام جاری رکھے ہوئے ہے، پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلے ٹیسٹ میں ' او آر ایس' کی آزمائش ہورہی ہے۔

سائمن ٹوفل نے کہاکہ نئے سسٹم سے تھرڈ امپائرکو ٹیکنالوجی پر زیادہ رسائی ہوگی، کسی غلطی کا احتمال نہیں رہے گا۔ تفصیلات کے مطابق آئی سی سی کی جانب سے ڈسیشن ریویو سسٹم میں بہتری کیلیے مسلسل کوششیں جاری ہیں،اب اس سلسلے میں ایک نئے نظام ' او آر ایس' (آفیشیٹنگ ری پلے سسٹم ) پر کام کیا جارہا ہے،اس کی ابوظبی ٹیسٹ میں باقاعدہ آزمائش بھی شروع ہوگئی،آئی سی سی کے امپائر اور پرفارمنس ٹریننگ منیجر سائمن ٹوفل نے گذشتہ روز میڈیا کو اس سسٹم کے کام کرنے کا براہ راست طریقہ کار دکھایا۔ انھوں نے نئے سسٹم کی مدد سے صرف 2 سیکنڈ میں نوبال ریویو کا فیصلہ کیا، اس میں تھرڈ امپائر کو 16کیمرہ اینگلز سے پچ کی فوٹیج موصول ہوتی ہے۔

ٹوفل نے کہاکہ ہمیں یہاں پر موجود مانیٹرز پر تمام فوٹیج براہ راست موصول ہوتی ہیں، مثال کے طورپر میرے ساتھ ہی ایک ہاک آئی ٹیکنیشن آپریٹر موجود ہے، میں صرف اسے اتنا کہتا ہوں کہ مجھے اس اینگل سے 2تصاویر جوڑ کر دکھائو اور وہ فوراً یہ کام کرلیتا ہے، چونکہ سب کچھ میرے سامنے ہورہا ہوتا ہے اس لیے رابطے کی کسی غلطی کا احتمال نہیں رہتا، اس کی مدد سے فرنٹ فٹ نوبال کا فیصلہ صرف 2سیکنڈ میں کیا جاتا ہے،ڈی آر ایس میں ہاک آئی کی وساطت سے جائزہ لینے میں 15 سے 20 سیکنڈ لگ جاتے ہیں، 16 کیمروں کے اینگلز کی وجہ سے میں فوری طور پر فیصلہ کرسکتا ہوں۔ یاد رہے کہ رواں برس انگلینڈ میں ایشز سیریز کے دوران بھی 'او آر ایس' کی آزمائش کی گئی تھی۔